سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ احمد ربانی اور ان کے بھائی گوانتاناموبے میں 20 برس کی قید کاٹنے کے بعد گھر واپس لوٹ رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں عمران خان نے کہا کہ میں نے ان کی امریکا کو حوالگی، انہیں غلط طور پر قید کیے جانے اور ان کی رہائی کے لیے بطور وزیرِاعظم بھی آواز اٹھائی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ان جیسے بہت سے افراد دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ کی سنگین ناانصافیوں کا نشانہ بنے۔
واضح رہے کہ امریکا کے زیر انتظام بدنام زمانہ گوانتاناموبے جیل میں قید دو پاکستانی بھائیوں کو 20 سال بعد رہا کر دیا گیا۔
امریکی محکمۂ دفاع کے مطابق عبدالربانی اور محمد ربانی کو پاکستان بھیج دیا گیا ہے،2002 میں پاکستانی شہریوں کو کراچی سے گرفتار کرکے امریکا کے حوالے کیا گیا تھا، ڈیڑھ برس سی آئی اے کی تحویل میں رہنے کے بعد انہیں 2004 میں گوانتاناموبے جیل منتقل کیا گیا۔