پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ عدلیہ پر مافیا کا پورا اٹیک ہے، مافیا ججز کی ٹیپس بناتا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میری جے آئی ٹی کی پوری فارنزک ختم کردی گئی ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کو بنانا ری پبلک بنا دیا گیا ہے، قوم کو بتانا چاہتا ہوں ملک میں ہو کیا رہا ہے، ان کا ایک مقصد ہے تحریک انصاف کو کمزور کر کے چوروں کو الیکشن جتوا دیا جائے، عدلیہ، چیف جسٹس سے کہنا چاہتا ہوں، ہمارے بنیادی حقوق کی حفاظت کون کرے گا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ کبھی ثاقب نثارکی ٹیپ چل رہی ہے، عدلیہ کو کنٹرول کرنے کیلئے حربے استعمال ہو رہے ہیں، وزیر داخلہ ٹیپ چلا رہا ہےجو غیر قانونی ہے، مریم نواز جلسوں میں ٹیپس چلا رہی ہے، مجھے پتا ہے عدلیہ پر مافیا کا پورا اٹیک ہے۔
رجیم چینج کے بعد بنیادی حقوق ختم کر دیےگئے ہیں، ہم نے پرامن احتجاج جیل بھرو تحریک شروع کی ہے، لوگوں کو ڈرایا جا رہا ہے، دور لے جا رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ جیل بھرو تحریک میں جن لوگوں کو اٹھایا جا رہا ہے، ان کو کپڑے بھی نہیں دیے جا رہے، عدلیہ کی سب سے بڑی ذمہ داری ہمارے بنیادی حقوق کی حفاظت کرنا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ میری چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ جاوید علی کے معاملے کا از خود نوٹس لیا جائے، سپریم کورٹ سے خاص درخواست کرتا ہوں جاوید علی کی کہانی سنیں، کوئی تو ایکشن لیں تاکہ عوام کو حوصلہ ہو۔