• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کے طبی معائنہ کیلئے پمز یا پولی کلینک اسپتال کا بورڈ بنانے کی درخواست

بینکنگ کورٹ اسلام آباد میں پیشی کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے طبی معائنہ کیلئے پمز یا پولی کلینک اسپتال کا بورڈ بنانے کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے عمران خان کا پولی کلینک یا پمز اسپتال اسلام آباد سے طبی معائنہ کروانے کی استدعا کی ہے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ عمران خان کی ضمانت میں توسیع کرنے کی درخواست بینکنگ کورٹ میں زیر التوا ہے، عبوری ضمانت ملنے کے بعد عمران خان رعایت کا غلط فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ عبوری ضمانت ملنے کے بعد عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہو رہے، عمران خان ایف آئی اے کے  ساتھ تفتیش سے متعلق تعاون نہیں کر رہے۔

 ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ عمران خان کو آرتھوپیڈک کا مسئلہ ہے لیکن میڈیکل رپورٹ کینسر اسپتال کی جمع کروا رہے ہیں، کینسر اسپتال کی سربراہی عمران خان کرتے ہیں، میڈیکل رپورٹ معتبر تسلیم نہیں کر سکتے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عمران خان کا پمز یا پولی کلینک اسپتال سے طبی معائنہ کروانا چاہیے، پمز یا پولی کلینک میں کی گئی عمران خان کی طبی رپورٹس کو زیر غور لایا جا سکتا ہے، عمران خان کے طبی معائنے کیلئے میڈیکل بورڈ بنایا جائے، میڈیکل بورڈ بنا کر عمران خان کی طبی رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔

قومی خبریں سے مزید