• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں تاریخ کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز

اسکرین گریب
اسکرین گریب

اسلام آباد، لاہور سمیت ملک بھر میں پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز ہو گیا۔

دارالحکومت اسلام آباد میں چیف مردم شماری کمشنر نعیم الظفر نے مردم شماری کا افتتاح کیا۔

چیف مردم شماری کمشنر نعیم الظفر نے کہا کہ آج ملک بھر میں ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز ہو گیا ہے، 13 جنوری 2022ء کو مشترکہ مفادات کونسل نے ڈیجیٹل مردم شماری کا حکم دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری سے متعلق تمام صوبوں کو آن بورڈ لیا گیا، ایک ماہ بعد قوم کو مردم شماری کے اعداد و شمار کے نتائج دیے جائیں گے، ایک لاکھ 15ہزار افراد پر مشتمل عملہ مردم شماری کرے گا۔

پاکستان کی یہ پہلی ڈیجیٹل مردم شماری ہے، چیف شماریات

چیف شماریات نے کہاکہ پالیسی سازی اورمنصوبہ بندی کے لیے خانہ ومردم شماری اہم ہے، یہ مردم شماری پاکستان کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری ہے، فیلڈ شمار کنندگان الیکٹرانک ڈیوائسز سے ڈیجیٹل طور پر ڈیٹا جمع کریں گے۔

نعیم الظفر کا کہنا ہے کہ اس مردم شماری نے پاکستان کے شہریوں کو خودشماری کی سہولت بھی دی ہے، خود شماری پورٹل 3 مارچ 2023ء تک دستیاب رہے گا، یہ مردم شماری اقتصادی مردم شماری کے لیے فریم ورک فراہم کرے گی، پالیسی سازی اور منصوبہ بندی کے لیے خانہ و مردم شماری اہم ہے۔

لاہور، ڈپٹی کمشنر نے اپنے گھر سے مردم شماری کا آغاز کیا

لاہور میں ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر نے اپنے گھر سے اندراج کر کے ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز کیا، انہوں نے مردم شماری ٹیموں کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔

ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے کہا کہ مردم شماری کا پہلا مرحلہ یکم سے 15 مارچ تک ہو گا، یکم سے 3 مارچ تک گھروں کی لسٹنگ، 4 سے 15مارچ تک اندراج کیا جائے گا، مردم شماری کا دوسرا مرحلہ 16 مارچ سے یکم اپریل تک ہو گا۔

رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ 16 سے 18مارچ بلاکس کی لسٹنگ، 18مارچ سے یکم اپریل تک اندراج ہو گا، لاہور کو 873 مردم شماری حلقوں میں تقسیم کیا گیا ہے، 200 سے 250 گھروں پر مشتمل 8 ہزار 68 مردم شماری بلاکس بنائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر بلاک میں 200 سے 250 گھر ہیں، ڈیٹا اندراج کے لیے 4 ہزار 707 ٹیبلٹس تقسیم کیے گئے ہیں۔

فیصل آباد میں ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز

فیصل آباد میں پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز کر دیا گیا۔

فیصل آباد کے کمشنر سلوت سعید نے کہا کہ شہری مردم شماری میں درست اندراج کرا کر قومی ذمے داری نبھائیں، مردم شماری عملے سے تعاون کریں۔

بلوچستان میں آج سے ساتویں مردم شماری شروع

ادارہ شماریات کے ڈائریکٹر محمد صہیب نے کہا ہے کہ بلوچستان بھر میں آج سے ساتویں مردم شماری شروع ہو گئی، ملک میں پہلی بار ڈیجیٹل مردم شماری کی جا رہی ہے، ڈیجیٹل مردم شماری سے متعلق تمام انتظامات اور تیاریاں مکمل ہیں۔

محمد صہیب کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل مردم شماری کا عمل یکم اپریل تک جاری رہے گا، اس عرصہ کے دوران شمار کنندگان گھر گھر جا کر کوائف اکٹھا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں خانہ و مردم شماری کے حوالے سے 11 ہزار 857 بلاکس بنائے گئے ہیں۔

 گلگت، سیکریٹری داخلہ کے گھر سے مردم شماری کا افتتاح

محکمۂ شماریات نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز ہو گیا ہے، ڈیجیٹل مردم شماری کا افتتاح سیکریٹری داخلہ نے اپنے گھر پر مارکنگ سے کیا۔

چیف شماریاتی آفیسر سید راحت علی نے کہا کہ مردم شماری کے لیے 1339 بلاک قائم کیے گئے ہیں، پہلے مرحلے میں 678 بلاک میں ڈیجیٹل مردم شماری ہو گی، دوسرے مرحلے میں 583 بلاکس میں 17 مارچ سے مردم شماری کا آغاز ہو گا۔

سید راحت علی کا کہنا ہے کہ 78 بلاک برفباری سے بند ہیں جہاں پر فی الحال مردم شماری نہیں ہو گی، برفباری سے بند علاقوں میں مئی میں مردم شماری ہو گی۔

چلاس میں 7ویں مردم شماری کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا، ڈیجیٹل مردم شماری کا افتتاح کمشنر دیامر استور ڈویژن نے کیا۔

چمن، مردم شماری کیلئے ٹیمیں تمام علاقوں میں پہنچ گئیں

چمن میں پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے ٹیمیں تمام علاقوں میں پہنچ گئیں۔

ڈپٹی کمشنر چمن نے کہا ہے کہ پہلے 3 دن میں گھر کے سربراہ کا نام، موبائل نمبر، گھریلو معاشی سرگرمیوں کا ڈیٹا مرتب ہو گا۔

بدین میں بھی ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز

ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کا ضلع بدین میں بھی آغاز کر دیا گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں 139 سرکل اور 1099 بلاک ہیں۔

ضلع ہنگو اور اورکزئی میں مردم شماری کا آغاز کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ خانہ شماری کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

لاڑکانہ میں 7ویں ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز کر دیا گیا، کمشنر گھنور خان لغاری نے مردم شماری کا افتتاح کیا۔

کمشنر گھنور خان لغاری نے کہا کہ شہریوں کو ڈیجیٹل مردم شماری میں حصہ لے کر قومی فرض پورا کرنا چاہیے۔

قومی خبریں سے مزید