چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے بعد چوہدری پرویز الہٰی سے اہم مشاورت کرلی۔
ذرائع کے مطابق زمان پارک لاہور میں عمران خان اور چوہدری پرویز الہٰی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے بعد آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان اور پرویز الہٰی کی ملاقات میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابی مہم اور جیل بھرو تحریک کے تحت گرفتار قیادت اور کارکنوں کی رہائی کےلیے قانونی لائحہ عمل پر گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پارٹی کے آئندہ لائحہ عل پر بھی مشاورت کی گئی اور اتفاق کیا گیا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں فوری طور پر انتخابی سرگرمیاں تیز کی جائیں۔
ملاقات میں عمران خان نے کہا کہ قوم نے آئین کی بالادستی کےلیے جو جدوجہد کی وہ رنگ لائی ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند اور آئین کی بالادستی کا عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 90 روز میں انتخابات کا حکم دے کر آئین کی بالادستی کو برقرار رکھا۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ تحریک انصاف انتخابی مہم میں اب تیزی لائے گی، پی ٹی آئی کے رہنما اور کارکن بھرپور انداز سے انتخابی مہم شروع کریں۔
چوہدری پرویز الہٰی نے عمران خان سے گفتگو میں کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد متعلقہ ادارے بلاتاخیر عملدرآمد کےلیے اقدامات کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین ہی سپریم ہے، یہ بات پی ڈی ایم کو بھی جان لینی چاہیے، ملک کو نواز شریف، شہباز شریف یا مریم نواز کی خواہشات پر نہیں، آئین کے مطابق چلنا ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ اب معزز عدلیہ مریم نواز کے عدلیہ پر حملوں کا بھی نوٹس لے، انور منصور خان کے چیف جسٹس کے نام خط پر کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف، مریم نواز اینڈ کمپنی نے الیکشن سے بھاگنے کی بھی بہت کوشش کی۔
چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ شہباز شریف، نواز شریف اور مریم نواز کا اداروں پر حملے کرنا پرانا وطیرہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے الیکشن کمیشن بلاتاخیر الیکشن کی تاریخ اور شیڈول جاری کرے گا، پی ٹی آئی نے انتخابات کے حصول کے لیے ہر فورم پر جدوجہد کی۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان کی مقبولیت کا مقابلہ کرنے کی پی ڈی ایم میں ہمت نہیں، عمران خان پنجاب اور خیبر پختونخوا میں پہلے سے بھی زیادہ اکثریت سے حکومتیں بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف جھوٹے مقدمات بنانے کا ریکارڈ قائم کر رہے ہیں، دہشت گردی کے مقدمات بھی عمران خاں کا راستہ نہیں روک سکتے۔
چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ عمران خان عوام کا مقدمہ لڑتے رہیں گے، حکومت میں بیٹھے مافیا سے نجات حاصل کر کے رہیں گے۔