پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انتخابات تین ماہ کے اندر ہوں یا اس کے بعد، پیپلز پارٹی ہر وقت تیار ہے۔
لاہور میں پارٹی رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے میں دیکھنا ہوگا کہ فیصلے کی روح کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پارٹی تنظیمیں انتخابات کی تیاری کریں، جو امیدوار پہلے سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا، ٹکٹ اسی کو ملے گا، حتمی فیصلہ پارلیمانی بورڈ میں ہوگا۔
انہوں نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کا پیپر ورک ایک ہفتے میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے از خود نوٹس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات 90 روز میں ہوں گے۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد صدرِ مملکت پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں، گورنر خیبرپختونخوا صوبائی اسمبلی میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں۔