پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان کے سہولت کار بتائیں وہ انہیں کیوں بچانا چاہتے ہیں؟ عمران خان اپنے انجام کو پہنچ چکا، مگر سہولت کاروں کی نوکریاں باقی ہیں۔ کیوں اپنی نوکری کے پیچھے پڑے ہو؟
گوجرانوالہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کو پلاستر اتارنے کیلئے سپریم کورٹ کا فیصلہ چاہیے تھا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ مریم نواز جب آئینہ دکھاتی ہے تو توہین عدالت یاد آجاتی ہے، توہین عدالت تب ہوتی ہے، جب ایک گھڑی چور رنگے ہاتھوں پکڑا جائے اور باہر دندناتا رہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جو اپنی بیٹی کو انصاف نہ دے سکا وہ ملک کو کیا انصاف دے گا؟ نواز شریف اور اس کی اہلیہ کا مذاق اڑانے والے کو مکافات عمل کا سامنا ہے، اسمبلی سے اکڑ کر نکلنے والے اب وہاں واپسی کی منتیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نواز شریف کا مذاق اڑاتے تھے، اب پانچ ماہ سے پلستر نہیں اتر رہا، نواز شریف کی بیوی کا مذاق اڑاتے تھے آج عدالت بلاتی ہے تو پلستر والی ٹانگ دکھا دیتے ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ عمران خان نے جھوٹے سائفر دکھا دکھا کر الزامات لگائے اب امریکا سے معافی مانگ رہے ہیں۔