لاہور( این این آئی)تحریک انصاف نے پارٹی چیئرمین عمران خان کی قیادت میں بدھ کے روز لاہور میں ریلی نکال کر انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا ۔ تحریک انصاف وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حماد اظہر نے زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اپنے اوپر قاتلانہ حملے کے بعد پہلی دفعہ بدھ کے روز سیاسی قوت کا مظاہرہ کریں گے اور انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔لاہور کی سڑکوں پر انقلاب نظر آئے گا ‘اب پی ڈی ایم ٹولے کے پلیٹ لیٹس اوپر نیچے ہونا شروع ہو جائیں گے۔بدھ کے روز لاہور میں پاکستان کی تاریخی ریلی نکالی جائے گی۔ ،جہاں جہاں سے ہماری ریلی گزرے گی پورا لاہور اپنے قائد عمران خان کا استقبال کرنے کے لئے باہر نکلے گا۔ عمران خان پر 74جعلی مقدمات بنائے گئے لیکن عمران خان آج بھی کھڑا ہے ،زمان پارک میں موجود ہے ، عمران خان پلیٹ لیٹس کا بہانہ کرکے دوسرے ملک فرار نہیں ہوا‘بدھ کے روز عوام اس جبر کے نظام کے خلاف باہر نکلیں اور اپنے قائد عمران خان کا استقبال کریں۔ہم ڈرنے اور گھبرانے اولے نہیں،انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کی باتوں کو سنجیدگی سے نہیں لینا چاہیے ،وہ شطرنج میز پر سجا سب سے چھوٹا پیادہ ہے وہ کسی اور کی زبان بولتا ہے ، پی ڈی ایم والے حواس باختہ ہو چکے ہیں‘یہ شدید اعصابی دباؤ کا شکار ہیں ،تیرہ چوروں کے ٹولے کا بیمار ہونے کا وقت ہوا چاہتا ہے اور ان کا علاج باہر ہی ممکن ہے ۔ر یلی والے دن ان کی آنکھیں کھل جائیں گی اور نظر آ جائے گا عوام کس کے ساتھ کھڑے ہیں ‘پی ڈی ایم والے بد ھ کے روز عوام کا فیصلہ دیکھ لیں گے۔