راولپنڈی ( عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) بابر اعظم کی پی ایس ایل سنچری کے بعد انگلش بیٹر جیسن رائے کی طوفانی اننگز ٹورنامنٹ کو جاندار بنادیا ۔ جیسن رائے نے کوئٹہ کی دم توڑتی مہم میں نئی جان ڈال دی۔ ان کی ریکارڈ اننگز کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پاکستان سپر لیگ تاریخ کا سب سے بڑا ہدف آسانی سے10گیندیں پہلے عبور کرلیا۔ کوئٹہ نے پشاور زلمی کوآٹھ وکٹ سے شکست دے کر نئی تاریخ رقم کردی۔ جیسن رائے نے صرف 63 گیندوں پر145ناقابل شکست رنز بنائے ۔ ان کی اننگز میں پانچ چھکے اور20 چوکے شامل تھے۔ محمد حفیظ 18گیندوں پر 41ناٹ آئوٹ رنز اسکور کیے جس میں دو چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔ میچ میں483 رنز بنے اور چار وکٹ گرے۔ جیسن اور حفیظ کے درمیان 39گیندوں پر93رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ چھکوں چوکوں کی بارش میں کسی بولر پر بیٹرز کو رحم نہ آیا۔ ارشد اقبال نے 55وہاب ریاض نے 56 اورعامر جمال نے56رنز دیے۔ بڑے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کومارٹن گپٹل اور جیسن رائے نے17گیندوں پر41رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا۔ گپٹل 8گیندوں پر21رنز بناکر وہاب ریاض کا شکار بنے۔ لیکن بنگلہ دیش سے واپس آنے والے جیسن رائے نے بے دردی سے بولروں کی پٹائی کی۔ پچاس رنز چار اوورز میں بنے۔ جیسن نے نصف سنچری22گیندوں پرجبکہ سنچری 41گیندوں پر مکمل کی ۔ ان کے دوسرے پچاس رنز 17گیندوں پر بنے۔ دس اوورز میں اسکور ایک وکٹ پر137رنز تھا۔ مجیب الرحمن کے اسپیل کی آخری گیند پر کوئٹہ کو ول اسمیڈ کی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا۔ محمد حارث نے مشکل کیچ کے ذریعے ان کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ اسمیڈ نے22گیندوں پر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے26رنز بنائے۔ اسمیڈ اور جیسن رائے نے دوسری وکٹ پر55گیندوں پر 109رنز بنائے۔ مجیب نے 38رنز کے عوض ایک وکٹ لی۔ کوئٹہ کو آخری پانچ اوورز میں 60رنز بناناتھے۔16اوورز میں دوسو رنز بن گئے۔ قبل ازیں پشاور زلمی کے بابر اعظم اور صائم ایوب نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پہلی وکٹ کی پارٹنرشپ میں162رنز کا اضافہ کیا۔ پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز اسکور کیے۔ بابر اعظم اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا ۔ نوجوان صائم ایوب نے ٹورنامنٹ میں چوتھی نصف سنچری بنائی۔ صائم ایوب 34 گیندوں پر 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 74 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم نے 60 گیندوں پر اپنی پہلی پی ایس ایل سنچری اسکور کی اور وہ 3 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 115 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ روومین پاول 35 اور ٹام کوہلر کیڈمور 7رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کوئٹہ کی جانب سے واحد وکٹ ڈیوائن پروٹوریس کے حصے میں آئی۔ صائم ایوب نے نصف سنچری24گیندوں پر بنائی جبکہ بابر نے پچاس رنز بنانے کے لئے32گیندیں کھیلیں۔ ایک سو رنز58گیندوں پر بنے جبکہ دو سو رنز17.2اوورز میں بنے۔