سابقہ معشوقہ کے ڈر سے دولہا شادی کے صرف ایک روز بعد اپنی دلہن کو چھوڑ کر بھاگ گیا۔
یوں تو ٹریفک جام وبال جان بن جاتا ہے لیکن بھارتی ریاست بنگلور میں یہ ہی ٹریفک جام ایک نئے نویلے دولہا کے لئے راحت کا باعث بن گیا اور وہ موقع پاتے ہی فرار ہو گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ ماہ بنگلور کے بد ترین ٹریفک جام کے دوران ایک دولہا گرجا گھر سے واپسی پر اپنی نئی نویلی دلہن کو چھوڑ کر بھاگ گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دلہن کا کہنا ہے کہ اس کے دولہا کو اس کی سابقہ معشوقہ کی جانب سے نجی ویڈیوز اور تصاویر منظر عام پر لانے کی دھمکیاں موصول ہو رہی تھی۔
دلہن کا مزید کہنا ہے کہ اس کے اور اس کے ولدین کی جانب سے دولہے کا ساتھ دینے کے حوالے سے بارہا یقین دہانی کروائے جانے کے باوجود بھی دولہا سابقہ معشوقہ کی دھمکیوں کی وجہ سے بہت پریشان تھا۔
دو ہفتوں کی مسلسل تلاش کے بعد جب دلہن اور اس کے گھر والے دولہے کو تلاش نہ کرسکے تو انہوں نے یہ معاملہ پولیس کے حوالے کرتے ہوئے دولہے کی گمشدگی کی ایف آئی آر درج کروا دی جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ دولہے کی تلاش جاری ہے۔