مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے اپنے والد، سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کو قید کے دوران زہر دیے جانے کا دعویٰ کر دیا۔
ایک انٹرویو میں مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کو دورانِ قید زہر دیے جانے سے ان کے پلیٹ لیٹس گرے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ جب نواز شریف کی حالت بگڑی اور وہ زندگی و موت کی کشمکش میں آئے تو کچھ لوگوں کے ہاتھ پاؤں پھول گئے تھے، نواز شریف کو باہر بھیجنا ان ہی لوگوں کی مجبوری تھا۔
اپنے انٹرویو میں مریم نواز نے سابق وزیرِ اعظم، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کبھی نہ کبھی یہ بات سامنے آئے گی کہ اس معاملے میں عمران خان ملوث تھے۔
مریم نواز سے قبل ان کے بھائی، سابق وزیرِ اعظم کے سب سے بڑے بیٹے حسین نواز بھی نواز شریف کے نیب کی حراست کے دوران یہ خدشہ ظاہر کر چکے ہیں کہ ہو سکتا ہے کہ ان کے والد کو زہر دیا گیا ہو، تاہم انہوں نے اس حوالے سے کسی پر الزام عائد نہیں کیا تھا۔