• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاعر: طاہر حفیظ

صفحات: 144، قیمت: 500 روپے

ناشر: قلم فاؤنڈیشن انٹرنیشنل، لاہور۔

زیرِ تبصرہ کتاب میں طاہر حفیظ کی دو حمدیں، ایک نعت، ایک منقبت، ایک سلام اور ایک سو غزلیں شامل ہیں۔ علّامہ عبدالستار عاصم صاحبِ علم آدمی ہیں، اُن کے ادارے سے شایع ہونے والی کتابوں کا ظاہر و باطن عموماً ایک ہوتا ہے،لیکن یہ کتاب پڑھ کر مایوسی ہوئی۔ اِس میں قوافی بھی غلط باندھے گئے ہیں، جب کہ پچاس فی صد شاعری بے وزن ہے۔

کتاب کے بیک ٹائٹل پر اختر شمار کی تحریر ہے، اگر وہ مکمل مسوّدہ پڑھ لیتے، تو ایسی باتیں کبھی نہ لکھتے کہ وہ خوش فکر شاعر ہی نہیں، صاحبِ نظر نقّاد بھی تھے۔ صاحبانِ علم و دانش کی صحبتوں میں بیٹھنے والا کچھ نہ کچھ حاصل کر ہی لیتا ہے، لیکن طاہر حفیظ کی پوری زندگی گلوکاروں کے درمیان گزری، ترنّم کی بدولت چھوٹے مصرعے کو کھینچ تان کر بڑا کردینا شاعری نہیں ہوتی۔ 

جس آدمی کو قافیوں کی بھی پروا نہ ہو، اُس کی شاعری کیسے پروان چڑھے گی۔ امریکا میں رہنے والوں کے لیے کتاب چھپوانا کوئی مشکل کام نہیں۔ اگر موصوف کسی صاحبِ فن استاد سے رجوع کرلیتے ،تو کتاب خود سے باتیں کر رہی ہوتی۔ یہ کام پیسہ دے کر بھی کروایا جاسکتا تھا۔’’ قلم فاؤنڈیشن‘‘ ایک معتبر اشاعتی ادارہ ہے، اِس کتاب کی اِشاعت سے اس ادارے کا وقار مجروح ہوا ہے۔