بلقیس طاہر، کراچی
ماہِ رمضان میں خواتینِ خانہ کی ہر ممکن کوشش ہوتی ہے کہ وہ سحر و افطار میں ایسے پکوانوں کا اہتمام کریں، جو لذیذ ہونے کے ساتھ قوّت بخش بھی ہوں، تاکہ دن بَھر بُھوکا پیاسا رہنے کے سبب کم زوری و نقاہت کے نتیجے میں اہلِ خانہ کے روزمرّہ امور بالخصوص عبادات میں کسی قسم کا خلل واقع نہ ہو۔
یہی وجہ ہے، خاص طور پر سحری کے دسترخوان کو ایسے غذائیت سے بھرپور کھانوں سے سجایا جاتا ہے، جو دن بھرچاق چوبند اور تن درست و توانا رکھیں۔ تو آج اِسی رِیت، روایت کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے کم وقت میں تیار اور تاخیر سےہضم ہونے والی مزےدار ڈِشزانڈا مغز مسالا، قیمہ گھوٹالا، روغنی روٹی اور کھجور و بادام شیک کی تراکیب پیش کی جا رہی ہیں۔
اجزاء: انڈے4 عدد، ادرک، لہسن کا پیسٹ ڈیڑھ چائے کا چمچ، دودھ چوتھائی پیالی، پیاز (درمیانی) دو عدد، ٹماٹر دو عدد، ٹماٹر کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، ہلدی ایک چائے کا چمچ، پسی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچ، گرم مسالا پسا ہوا آدھا چائے کا چمچ، قصوری میتھی آدھا چائے کا چمچ، سبز مرچیں دو سے تین عدد، نمک حسب ِذائقہ، کوکنگ آئل حسبِ ضرورت۔
ترکیب: سب سے پہلے انڈوں کو ایک بڑے سے پیالے میں ڈال کر اس میں نمک، ہلدی اور دودھ شامل کر کے پھینٹ لیں۔ پھر فرائنگ پین میں کوکنگ آئل ڈال کر ہلکا سا گرم کریں اور انڈوں کے مکسچر کو تین سے چار حصّوں میں کر کے آملیٹ کی طرح سنُہری فرائی کر لیں۔
اسی فرائنگ پین میں باریک کٹی ہوئی پیاز کو ہلکا سنہری فرائی کریں اور پھر اس میں ادرک، لہسن کا پیسٹ، نمک، لال مرچ اور ہلدی ڈال کر بھونیں۔ مسالے کی خوش بُو آنے پر ٹماٹر ڈال کر اتنی دیر تک فرائی کریں کہ ٹماٹر نرم ہو جائیں۔ اب ٹماٹر کا پیسٹ ڈال کر ملائیں اور تیار کیے ہوئے آملیٹ کے چھوٹے ٹکڑے کرکے اس میں ڈال دیں۔ لیجیے، بہت لذیذ، خوش رنگ انڈا مغز مسالا تیار ہے۔
اجزا: قیمہ آدھا کلو، پیاز ایک عدد (کٹی ہوئی)، لہسن اور ادرک کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ، لال مرچ ڈیڑھ چائے کا چمچ، ہلدی آدھا چائے کا چمچ، دھنیا پاؤڈر دو چائے کے چمچ، گرم مسالا ایک چائے کا چمچ، دہی آدھی پیالی، ٹماٹر تین عدد (کٹے ہوئے)، نمک حسبِ ضرورت، زیرہ (بُھنا اور کٹا ہوا) ایک چائے کا چمچ ، ہری مرچ تین عدد (کٹی ہوئی )، ہرا دھنیا (کٹا ہوا) دو کھانے کے چمچ، انڈے تین عدد (پھینٹے ہوئے )، ادرک (کٹی ہوئی) حسبِ ضرورت۔
ترکیب: سب سے پہلے ایک کڑاہی میں تیل گرم کرکے پیاز کو پانچ سے سات منٹ تک فرائی کرلیں، یہاں تک کہ یہ ہلکی سُنہری ہوجائے۔ اب اس میں ادرک اور لہسن کا پیسٹ، کٹے ہوئے ٹماٹر، قیمہ، لال مرچ ،ہلدی،دھنیا، نمک اور زیرہ ڈال کر فرائی کرلیں۔ پھر اس میں دہی شامل کرکے فرائی کریں۔
اب اس میں ایک کپ پانی ڈال کر ڈھک کر قیمہ گلنے تک پکائیں اور پھر اس میں انڈے پھینٹ کر یک جا کرلیں۔ آخر میں ٹماٹر (گول قتلوں کی شکل میں)، گرم مسالا، ہری مرچ، ہرا دھنیا اور ادرک ڈال کر پانچ منٹ تک دَم پر رکھ دیں۔ لیجیے، مزے دار قیمہ گھوٹالا تیار ہے۔ گرما گرم پراٹھوں کے ساتھ تناول فرمائیں۔
اجزاء: میدہ یا آٹا ایک کلو، گھی آدھا کلو، دودھ ایک کلو، بالائی 100 گرام، زعفران 5 گرام، چھوٹی الائچی کے دانے چوتھائی چائے کا چمچ، نمک حسبِ ضرورت۔
ترکیب: پہلے مرحلے میں دودھ اُبال کر پکائیں۔ اس کے بعد میدے میں گھی اور بالائی ملائیں۔ پھر زعفران، الائچی پیس کر ڈالیں اور انہیں پکے ہوئے دودھ میں اچھی طرح گوندھ لیں۔
اگر ٹکیاں بنانی ہوں، تو توے پر یا تنور میں پکائیں اور اگر روغنی روٹی پکانی ہو، تو آٹے یا میدے کو چپاتی کے آٹے کی مانند گوندھیں، مگر چپاتی پکانے کے لیے ضروری ہے، پہلے دودھ سے گوندھیں اور اس کے بعد بالائی وغیرہ ملائیں اور پھرگھی ملا کر تھوڑی دیر رکھ دیں۔ اس کے بعد پیڑے کاٹ کر مطلوبہ چپاتیاں تیار کرلیں۔
یہ نہایت لذیذ ہوں گی۔ اگر 250 گرام بادام کی گری پِیس کرشامل کرلیں، تو یہ مزید مزےدار ہو جائیں گی۔ اگر خمیری روٹی پسند ہو، تو تھوڑا سا خمیر ڈال دیں اور اگر میٹھی روٹی پسند ہو، تو 500 گرام شکر ملادیں۔
اجزاء: کھجور سات سے آٹھ عدد، بادام پندرہ دانے، دودھ (ٹھنڈا) ایک گلاس۔
ترکیب: سب سے پہلے گٹھلی نکلی ہوئی کھجوریں ایک کٹوری میں رکھیں اور انہیں ایک کپ نیم گرم پانی ڈال کر تقریباً آدھا گھنٹے کے لیے بھگو دیں۔ (آپ اِنہیں سادہ پانی میں رات بھر بھی بھگو کر رکھ سکتے ہیں) اِسی طرح بادام بھی ایک کٹوری میں بھگو کر رکھ دیں۔
آدھے گھنٹے بعد بادام کے چھلکے اُتارکر الگ کرلیں اور پھر ایک گلاس ٹھنڈا دودھ ڈال کر تمام اشیاء کو بلینڈ کرلیں۔ ٹھنڈا دودھ نہ ہو تو برف کے ٹکڑے بھی مکسر گرائنڈر میں ڈال سکتے ہیں، جب کہ اِسے مزید ذائقےدار بنانے کے لیے اوپر سے ڈرائی فروٹس ڈال دیں۔ لیجیے، کھجور بادام شیک تیار ہے۔