وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ کا طنز کے تیر برساتے ہوئے کہنا ہے کہ شیخ رشید نے خاموش رہ کر ناصرف جان کی امان پائی بلکہ ثابت کیا کہ وہ بھی بڑے بہادر شخص ہیں۔
اسلام آباد سے جاری کیے گئے بیان میں وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے کہا کہ شیخ رشید بلوچ قبائل کے خلاف اناپ شناپ بکتے تھے، وہ گزشتہ چند دنوں سے دور دور تک دکھائی نہیں دے رہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان گرفتاری سے اتنے خائف ہیں کہ اپنے سیاسی ورکرز کی جان و مال کی انہیں کوئی پرواہ نہیں۔
آغا حسن بلوچ نے کہا کہ اگر عمران خان بے گناہ ہوتے تو جیل جانے میں کیا قباحت تھی؟
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے سیاسی کارکنوں کے خلاف طاقت کے استعمال سے گریز کیا، یہ قابلِ ستائش ہے۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ ماضی کے حکمراں بلوچستان میں ایسا رویہ اختیار کرتے تو وہاں کے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ نہ ہوتا۔