• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم لیگ (ق) کی جنرل کونسل نے سابق گورنر چوہدری سرور کو پنجاب کا صدر منتخب کرلیا ہے۔

ق لیگ کی جنرل کونسل کا اجلاس صدر چوہدری شجاعت حسین کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس میں ق لیگ کی صوبائی کونسل نے چوہدری سرور کو پنجاب کا صدر اور چوہدری شافع حسین کو جنرل سیکریٹری منتخب کیا گیا۔

اجلاس میں چوہدری سرور اور چوہدری شافع حسین کو بلامقابلہ منتخب کیا گیا۔

اجلاس میں چوہدری سالک حسین کو مرکزی سینئر نائب صدر، مصطفیٰ ملک کو مرکزی سیکریٹری اطلاعات منتخب کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چوہدری سرور پارٹی کے مرکزی چیف آرگنائزر بھی ہوں گے جبکہ مرکزی کونسل نے 150 اراکین سینٹرل ورکنگ کمیٹی بھی منتخب کیے۔

دوران اجلاس چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ سیاسی سفر کے 50 سال ہوگئے، اتنے پیچیدہ حالات نہیں دیکھے۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدان جلتی آگ پر پانی ڈالیں، ملک جلاؤ گھیراؤ کا متحمل نہیں ہوسکتا، حکومت نیشنل ڈائیلاگ شروع کرے، ناراض قومی رہنماؤں کے پاس جانے کو تیار ہوں۔

ق لیگی سربراہ نے مزید کہا کہ ہنگاموں، دھرنوں سے قوم پریشان، ڈپریشن کا شکار ہے اور ان کی مایوسی بڑھ رہی ہے، مسائل کا حل سیاست دانوں کے پاس ہے، تمام قوتیں مل کر پاکستان کا سوچیں۔

چوہدری سرور نے کہا کہ مسلم لیگ کے بھرپور اعتماد پر چوہدری شجاعت اور پوری جماعت کا شکر گزار ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ سب مل کر مسلم لیگ کو متبادل سیاسی قوت بنائیں گے، آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ کلیدی کامیابی حاصل کرے گی۔ 5 برسوں میں ملک کا قرضہ اتاریں گے۔

طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ ملک ترقی کر رہا تھا، سابقہ حکومت کے غلط فیصلوں سے معیشت کو نقصان ہوا، عام آدمی مہنگائی میں پس رہا ہے، ریلیف کےلیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ مسلم لیگ پنجاب کا جنرل سیکریٹری بننا اعزاز ہے، پارٹی کو ہر سطح پر فعال بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کارکنوں پر فخر ہے، حقیقی کارکنان کو عزت دیں گے، ق لیگ کو منظم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ روایتی سیاست نہیں کریں گے، ملک میں حقیقی تبدیلی کے خواں ہیں۔

قومی خبریں سے مزید