وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان اقتدار کے بغیر نہیں رہ سکتے ہیں، بادشاہ سلامت نے 4 سال میں ہر چیز تباہ کردی۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران عطا تارڑ نے کہا کہ کل جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ ہوا، کہتے ہیں ہم نے کبھی پُرتشدد کارروائیاں نہیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ زمان پارک، جوڈیشل کمپلیکس میں کارکنوں کے پاس ڈنڈے، پٹرول بم تھے، بادشاہ سلامت نے 4 سال میں ہر چیز تباہ کردی۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ یہ ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، فری ہینڈ نہیں دیا جاسکتا، یہ لوگ دہشت گردوں والے کاموں میں ملوث ہوگئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ عمران خان نے کیا، پی ٹی آئی چیئرمین اقتدار کے بغیر نہیں رہ سکتے۔
عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کے لیے ہم تیار ہیں، بھرپور تیاری جاری ہے، لندن پلان کا حقیقت سے تعلق نہیں یہ ان کے ذہن کا اختراع ہے۔
انہوں نے کہا کہ لندن پلان اسی طرح ہے، جس طرح امریکی سازش کا کہا گیا، لندن پلان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے صوبائی حکومت سےجلسے کےلیے اجازت لیں گے، جلسے سے متعلق صوبائی حکومت جواب دے گی۔