• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منیب بٹ نے خود پر لگائے گئے الزامات کی تردید کردی


پاکستان شوبز انڈسٹری کے خوب رو اداکار منیب بٹ نے اپنے حالیہ ڈرامے میں خواجہ سرا کے منفرد کردار کی وجہ سے ’یہودی ایجنڈا کے تحت کام کرنے کے‘ لگائے گئے الزامات کی تردید کردی۔

ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر نشر ہونے والے پوڈ کاسٹ میں انٹرویو دیتے ہوئے اداکار منیب بٹ نے اپنے حالیہ ڈرامہ سیریل ’سر راہ‘ میں منفرد کردار اور اس کے باعث لگائے گئے الزامات کے حوالے سے کھل کر بات کی۔

میزبان کے ایک سوال پر اداکار نے کہا کہ ان پر ’ایجنڈا‘ کے تحت ڈرامے میں کام کرنے کے الزامات لگائے گئے جو کہ بے بنیاد ہیں، وہ یہودی نہیں بلکہ مسلمان ہیں اور ڈراما ایجنڈا کے تحت نہیں بنایا گیا۔

منیب بٹ نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خود کو بیچنے کے حوالے سے لگائے گئے الزامات کا جان کر دکھ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ کون سی چیز اسلام کا حصہ ہے اور کون سی نہیں، اس لئے اسکرپٹ سائن کرنے سے پہلے خود بھی اس کی تحقیق کی تھی اور اس میں کوئی بھی بات اسلام کی تعلیمات کے خلاف نہیں تھی۔

منیب بٹ نے ایک ڈیزائنر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ڈرامے کا پس منظر سمجھے بغیر ان پر الزامات لگائے، ان کی بات انتہائی خطرناک تھی کہ ڈرامے کو ایجنڈا کے تحت بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ڈیزائنر کی بات پر یقین کرکے کوئی ان پر حملہ کردیتا تو اس کا ذمہ دار کون ہوتا؟

واضح رہے کہ  احمد بھٹی کی ہدایت کاری میں بنے والا ڈرامہ سیریل ’سر راہ‘ ڈرامہ نگار عدیل رزاق نے تحریر کیا جس میں اداکارہ صبا قمر مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں، جبکہ حریم فاروق، سنیتا مارشل، صبور علی، منیب بٹ اور فضیلہ قاضی سمیت دیگر اداکاروں نے اس میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید