پنجاب کے شہر راولپنڈی میں سوتیلے باپ نے کم سن بچی پر بدترین تشدد کرکے اسے لہولہان کردیا۔ تشدد سے بچی کے چہرے، آنکھوں، سر اور بازو میں شدید چوٹیں آئیں۔
چائلڈ پروٹیکشن بیورو راولپنڈی نے متاثرہ بچی کے سوتیلے باپ کے خلاف تھانا ریس کورس میں مقدمہ درج کروادیا، پولیس نے متاثرہ بچی کے سوتیلے والد کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق متاثرہ بچی کے سوتیلے والد ملزم خاور کو تھانہ ریس کورس پولیس ڈھوک سیداں بکرا منڈی سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
سی پی او راولپنڈی نے ایس پی پوٹھوہار سے واقعہ کی رپورٹ بھی طلب کرلی، پولیس نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو راولپنڈی محکمہ داخلہ پنجاب کی مدعیت میں متاثرہ بچی کے سوتیلے والد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے، متاثرہ بچی کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔