وفاقی وزیر اور پیپلز پارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے کہا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عمران نیازی کو خوش کرنے کےلیے آئین سے انحراف کیا۔
صدر مملکت کے وزیراعظم شہباز شریف کو لکھے گئے خط پر شازیہ مری نے ردعمل دیا اور کہا کہ ڈاکٹر عارف علوی نے صدارت کے منصب کا کبھی لحاظ نہیں رکھا۔
انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی پی ٹی آئی حکومت کی ہر زیادتی پر خاموش رہے، عمران خان کے دور میں نیب 90 روز تک شہریوں کو قید میں رکھتا رہا ہے۔
شازیہ مری نے مزید کہا کہ صدر مملکت نے سیاسی مخالفین کو جیل بھیجنے کا کبھی نوٹس نہیں لیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب کی حراست میں شہریوں کی ہلاکتوں پر صدر مملکت چپ رہے، سرکاری ملازمین برطرف اور اسٹیل ملز کو تالا لگا، صدر خاموش رہے۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ عمران نیازی کو خوش کرنے کےلیے عارف علوی نے آئین سے انحراف کیا۔
انہوں نے کہا کہ صدر نے عدم اعتماد کی تحریک کے باوجود قومی اسمبلی توڑنے کی کوشش کی۔
شازیہ مری نے کہا کہ صدر نے عمران نیازی کی خواہش پر سپریم کورٹ کےجج کے خلاف کارروائی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ممنوعہ فارن فنڈنگ اسکینڈل میں ڈاکٹر علوی کا نام ہے، صدر مملکت پی ٹی آئی کی حکومت میں آٹا، چینی، ایل این جی اور کھاد بحران کا نوٹس لیتے۔