پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حسان نیازی کو کوئٹہ میں تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حسان نیازی کو جیل سے صدر تھانہ منتقل کردیا گیا ہے۔
حسان نیازی کی آج جوڈیشل مجسٹریٹ نے ضمانت منظور کی تھی، حسان نیازی کو کوئٹہ کی جوڈیشل مجسٹریٹ 3 کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے ایک لاکھ روپے کے مچلکے پر حسان نیازی کی ضمانت منظور کی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل کی انتظامیہ کی جانب سے حسان نیازی کو کوئٹہ پولیس کے حوالے کیا گیا تھا۔
حسان نیازی کے خلاف کوئٹہ میں 18 مارچ کو مقدمہ درج کیا گیا، ان پر اشتعال دلانے کی دفعات کے تحت کوئٹہ کے تھانے میں مقدمہ درج ہوا تھا۔
تھانہ ایئر پورٹ کوئٹہ کے سب انسپکٹر عبدالہٰی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
مقدمے کے متن میں انسپکٹر کا کہنا تھا کہ گشت پر تھا تو اطلاع ملی کوئٹہ چمن روڈ پھاٹک کو 150 بندوں نے بلاک کیا۔
متن کے مطابق پی ٹی آئی رہنما عنایت اللّٰہ کاکڑ و دیگر اشتعال انگیزی کرتے ہوئے نعرے لگا رہے تھے، پی ٹی آئی رہنما اور کارکنان عمران خان کی گرفتاری کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔