• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حسان نیازی کیخلاف مقدمہ ختم کیا جائے، والد کی درخواست

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے فوکل پرسن حسان نیازی کے والد نے مقدمہ ختم کرنے سے متعلق درخواست کی فوری سماعت کی استدعا کر دی۔

سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس کے کے آغا نے فوری نوعیت کی درخواست معمول کے مطابق دفتر میں دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔

عدالت نے کہا ہے کہ فوری سماعت کی درخواست کی سماعت کل ہو گی، ہم پر کام کا کافی بوجھ ہے۔

حسان نیازی کے والد نے درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ حسان نیازی کے خلاف مقدمہ ختم کیا جائے اور سندھ پولیس سے مقدمات کی تفصیل طلب کی جائے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت موجود ہے کہ ایک واقعے کی زائد ایف آئی آر درج نہیں ہو سکتی ہیں۔

حسان نیازی کے والد حفیظ نیازی کے وکیل ظہور محسود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حسان کے والد کے توسط سے درخواست جمع کرائی ہے، عدالت میں کیس کا نمبر بھی لگ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے درخواست کی کہ ہمارے کیس کو آج ہی سنا جائے اور نوٹس بھی ہو جائیں، جج نے کل کی تاریخ دی ہے۔

واضح رہے کہ کراچی پولیس گزشتہ روز حسان نیازی کو تھانہ جمشید کوارٹر میں درج مقدمے کے سلسلے میں لاہور سے گرفتار کر کے کراچی لائی تھی۔

قومی خبریں سے مزید