زمان پارک میں پولیس حملے کی تحقیقات کےلیے بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
زمان پارک میں پولیس پر پتھراؤ اور پیٹرول بم پھینکنے کے الزام میں عمران خان سمیت دیگر کے خلاف مقدمات کے معاملے پر پیشرفت سامنے آئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما مسرت جمشید چیمہ نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔
پی ٹی آئی کی جے آئی ٹی کی تشکیل کے خلاف عدالت عالیہ لاہور کا 2 رکنی بینچ کل درخواست کی سماعت کرے گا۔
درخواست میں پی ٹی آئی رہنما نے جے آئی ٹی کی تشکیل کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔
مسرت جمشید چیمہ کی درخواست میں استدعا کی کہ کیس کے حتمی فیصلے تک جے آئی ٹی کو طلبی کے نوٹس جاری کرنے سے روکا جائے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ زمان پارک میں پولیس پرحملہ کے الزام میں عمران خان سمیت دیگر قیادت، کارکنوں کیخلاف10 مختلف مقدمات بنائے گئے۔
مؤقف اختیار کیا گیا کہ مقدمات انسداد دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت بنائے گئے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ حکومت نے سیاسی بنیاد پر پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کیخلاف متعدد ایف آئی آر درج کیں۔