چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور پارٹی صدر چوہدری پرویز الہٰی کی لاہور میں ملاقات ہوئی جس میں پنجاب میں پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم پر مشاورت ہوئی جبکہ سیاسی صورتحال پر گفتگو بھی ہوئی۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عوامی سمندر نے امپورٹڈ حکمرانوں کو دن میں تارے دکھا دیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جتنا مرضی رو دھو لے، الیکشن ہر صورت ہو کر رہیں گے۔ غیر آئینی قرارداد لانے والوں کے خلاف نااہلی ریفرنس داخل کر رہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام عدلیہ کے تحفظ، آئین کی سربلندی کےلیے سڑکوں پر نکلنے کو تیار رہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عیدالفطر کے بعد انتخابی جلسوں کا آغاز کر رہا ہوں۔
اس موقع پر پارٹی صدر پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ غیر آئینی قراردادیں سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد نہیں روک سکتیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عدالتی حکم پر عملدرآمد شروع کر کے عقلمندی کا ثبوت دیا۔ حکومت کی بھلائی اسی میں ہے کہ ہٹ دھرمی، غیر آئینی روش ترک کردے۔
پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ نواز شریف لندن میں بیٹھ کر بانی متحدہ کے نقش قدم پر چل پڑے ہیں۔ مریم نواز، رانا ثناء اور وزیر قانون نے حکومت اور پی ڈی ایم کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے۔