وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج جمہوریت کے لیے انتہائی اہم دن ہے، آئین میں مختلف اوقات میں ترامیم کی گئیں، ڈکٹیٹر شپ کے زمانے میں بھی ترمیم کی گئیں لیکن آج بھی آئین زندہ ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وہ آئین ہے جس کو 50 سال پہلے بنانے کے لیے سیاسی مخالفین مل بیٹھے تھے، یہ کارنامہ تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک چیف جسٹس نے بغیر پوچھے ڈکٹیٹر کو تین سال کی رعایت دے دی، پاکستان کو بچانے کے لیے ہم سب اکٹھے ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک سال ہوگیا اتحادی حکومت چل رہی ہے، ایک صاحب نے کہا یہ اتحادی حکومت ایک سال نہیں چلنا تھی، آپ نے کمال کر دیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ آئین نے ایک لڑی میں پرو رکھا ہے، مشکلات ہوں گی مگر ہم نے مل کر لڑنا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ الیکشن میں ہر جماعت نے اپنے اپنے منشور کے ساتھ جانا ہے۔