• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہائیکورٹ: عمران خان کی بغاوت کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر سماعت کل ہوگی

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کل عمران خان کی بغاوت کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر سماعت کریں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں درج بغاوت کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست دائر کر دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی درخواست اعتراضات کے ساتھ سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ہے۔

عمران خان نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ سیاسی مخالفین کی ایما پر مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کا مقدمات بنوانے کا مقصد میری ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب کرپشن کا کوئی کیس نہ ملا تو جعلی مقدمات بنائے جا رہے ہیں، جب سے سیاسی مخالفین نے وفاقی حکومت سنبھالی ہے وہ جعلی مقدمات بنا رہے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مقدمے کا مقصد صرف بلیک میل کرنا ہے، ایف آئی آر میں لگائے گئے الزامات کو سچ بھی مان لیا جائے تو واقعہ لاہور کا تھا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ واقعے کا مقدمہ اسلام آباد میں درج کر دیا گیا، ایف آئی آر میں لگائے الزامات پر جرم نہیں بنتا۔

ان کا موقف تھا کہ مقدمہ غیر قانونی اور غیر آئینی ہے، عدالت مقدمہ کے اخراج کا حکم دے۔

قومی خبریں سے مزید