• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ دنوں نیشنل سیکورٹی کونسل کے اجلاس میں شریک وزیراعظم سمیت پاکستان کی سیاسی قیادت کے علاوہ تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے تالیاں بجاکر وہاں موجود ڈی جی آئی ایس آئی ندیم انجم کو خراج تحسین پیش کیا اور آئی ایس آئی کے کامیاب آپریشن کو سراہا جس میں خفیہ ایجنسی نے بلوچستان میں انتہائی مطلوب دہشت گرد گلزار امام عرف شنبے کو بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیوکی طرز کے اسٹنگز آپریشن میں ڈرامائی انداز میں گرفتار کیا جو دہشت گردی اور سیکورٹی فورسز پر حملوں سمیت متعدد سنگین نوعیت کے جرائم میں ملوث ومطلوب تھا۔ ایک بڑے دہشت گرد کی گرفتاری کے بعد سوشل میڈیا پر ’’ویلڈن ڈی جی آئی ایس‘‘ کا ٹرینڈ چلا جس میں آئی ایس آئی کے کامیاب آپریشن کو سراہا گیا۔

گلزار امام عرف شنبے 2018تک کالعدم بلوچ ری پبلکن آرمی میں براہمداغ بگٹی کا نائب رہ چکا ہے اور 2022میں وہ بلوچ ری پبلکن آرمی اور یونائیٹڈ بلوچ آرمی کے انضمام کے نتیجے میں بننے والی کالعدم بلوچ نیشنل آرمی کا سربراہ بنا۔ گلزار امام کے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے قریبی روابط تھے اور وہ اس کا اہم ترین مہرہ تصور کیا جاتا تھا جبکہ وہ گل نوید کے نام سے افغانستان کے پاسپورٹ پر بھارت کے کئی دورے کرچکا تھا۔ مطلوب دہشت گرد کی گرفتاری سے پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں کے پس پشت بھارتی ہاتھ بھی بے نقاب ہوگیا جس نے بھارتی حکومت اور ’’را‘‘ کو بوکھلادیا اور بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت کمار دوول کو یہ اعتراف کرنا پڑا کہ ’’پاکستان ہمارا دشمن ملک ہے‘‘بھارت کی یہ پالیسی رہی ہے کہ دنیا کے سامنے پاکستان میں دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے اور دہشت گردوں کو مالی مدد کی فراہمی کا انکار کیا جائے لیکن پس پردہ دہشت گردوں کو پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کیلئے پہلے سے بھی زیادہ مالی امداد فراہم کی جائے۔ سابق بھارتی آرمی چیف جنرل بکرم سنگھ کا حالیہ بیان بھی پاکستان دشمنی کی عکاسی کرتا ہے کہ ’’بھارت کو پاکستان کے ہی عوام کو پیسے کے زور پر استعمال کرکے بلوچستان میں دہشت گردی اور قتل و غارت کا بازار گرم کرنا ہوگا۔‘‘

یہ پہلا موقع نہیں جس میں بھارت اور اس کی ایجنسی ’’را‘‘ اپنے مذموم عزائم پورے کرنے کیلئے پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینا چاہتی ہے۔اس امر کا اعتراف بھارت کی سیاسی اور عسکری قیادت ماضی میں بھی کرتی رہی ہے۔ انتہا پسند مودی حکومت اور ’’را‘‘ پاکستان کی علیحدگی پسند تحریکوں اور خصوصاً بلوچستان میں دہشت گردی میں سرگرم عمل کالعدم تنظیموں کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کروانے میں مصروف عمل ہے تاکہ پاک فوج کی توجہ کشمیر اور بھارت سے ہٹ کر بلوچستان کے علیحدگی پسندوں پر مرکوز ہوجائے۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ بھارت اوراس کی بدنام زمانہ ایجنسی ’’را‘‘ پاکستان کو دنیا بھر میں بدنام کرنا چاہتی ہے لیکن قابل افسوس بات یہ ہے کہ پاکستان مخالف سرگرمیوںاورپروپیگنڈے میں اب ایک سیاسی جماعت بھی ملوث ہوکر پاکستان مخالف مہم کو ہوا دے رہی ہے اور پاکستان اور فوج مخالف پروپیگنڈے میں مصروف عمل ہے جس کی حالیہ مثال واشنگٹن اور لندن میں ماریشس کی کمپنی کے ذریعے چلائی جانے والی پاکستان مخالف مہم ہے جو ایک ہزار بل بورڈز بسیں اور ٹرک کرائے پر لے کر پاکستان کیخلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کررہی ہے۔ مذکورہ کمپنی کا مقصد بل بورڈز کے ذریعے پاکستان بالخصوص پاک فوج کے خلاف مہم چلانا، پاکستان کو دنیا میں ایک ناکام ریاست بناکر پیش کرنا اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کرنے والا ملک ثابت کرنا ہے۔ ایسی اطلاعات ہیں کہ ماریشس کی مذکورہ کمپنی آنے والے دنوں میں ’’را‘‘ کی مدد سے پاکستان کے خلاف دنیا بھر میں مظاہرے شروع کررہی ہے جہاں پاکستان کا پرچم جلانے کے ساتھ ساتھ پاک فوج کو کمزور اورپاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں کو غیر محفوظ قرار دینے کا پروپیگنڈہ بھی کیا جائے گا۔

پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کو ملک کی پہلی دفاعی لائن تصور کیا جاتا ہے۔ ایسے میں جب ہم خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہوتے ہیں، ایجنسی کے اہلکار اپنی جان ہتھیلیوں پر رکھ کر سرحدوں کی حفاظت کررہے ہوتے ہیں۔ کچھ روز قبل ہی جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں سے مقابلے میں آئی ایس آئی کے بریگیڈیئر مصطفی برکی نے جام شہادت نوش کیا۔ایسے میں جب ادارے اور اس کی اعلیٰ قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے ، عوام کے دلوں میں مخالفانہ جذبات پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، آئی ایس آئی پہلے سے زیادہ ملک دشمن عناصر کے خلاف اپنے مشن میں مصروف عمل ہے۔انتہائی مطلوب کالعدم بلوچ نیشنل آرمی کے سربراہ گلزار امام عرف شنبے کی گرفتاری کلبھوشن کے بعد پاکستان کی تاریخ کا دوسرا بڑا آپریشن اور آئی ایس آئی کا ایک بڑا کارنامہ تصور کیا جارہا ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ،اس حوالے سے ڈی جی آئی ایس آئی ندیم انجم اور آئی ایس آئی قیادت مبارکباد کی مستحق ہے۔

تازہ ترین