• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فاسٹ بولر محمد عباس نے شاندار پرفارمنس پاکستانی افواج کے نام کر دی

پاکستان کے مایہ ناز ٹیسٹ فاسٹ بولر محمد عباس نے کاؤنٹی چیمپئن شپ میں ناٹنگھم شائر کی جانب سے اپنے ڈیبیو میچ کی شاندار کارکردگی پاکستانی مسلح افواج کے نام کر دی، جو بھارت کے ساتھ جاری حالیہ سرحدی کشیدگی میں مصروفِ عمل ہیں۔

عباس نے اپنے سابقہ کلب ہیمپشائر کے خلاف تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 15 اوورز میں صرف 31 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں اور حریف ٹیم کو پہلی اننگز میں 196 رنز پر ڈھیر کر دیا، ان کی شاندار بولنگ کی بدولت ناٹنگھم شائر کو میچ میں 137 رنز کی نمایاں برتری حاصل ہوئی۔

میچ کے بعد ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عباس نے کہا کہ سب سے پہلے میں اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ مجھے ناٹنگھم شائر کے لیے ڈیبیو میچ کی پہلی اننگز میں 5 وکٹیں لینے کا موقع ملا۔

انہوں نے کہا کہ میں اس گراؤنڈ پر پہلے بھی کھیل چکا ہوں، نئی گیند کے ساتھ فاسٹ بولرز کو کچھ مدد ملتی ہے، میں بہت خوش ہوں کہ میں اپنی ٹیم کے لیے کارآمد ثابت ہوا۔

فاسٹ بولر نے اپنی شاندار پرفارمنس پاکستانی افواج کے نام کی اور کہا کہ میں یہ کارکردگی ہماری بہادر پاکستانی افواج ’آرمی، نیوی اور ایئر فورس‘ کے نام کرنا چاہتا ہوں، جو اس وقت بھی ملک کی سرحدوں پر دشمن کے خلاف بڑی بہادری سے ڈٹے ہوئے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی دنیا میں امن چاہتے ہیں، خاص طور پر اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ، لیکن اگر ہمیں بار بار جنگ میں دھکیلا جائے گا تو ہماری افواج نے جس طرح اس بار جواب دیا ہے، مجھے یقین ہے کہ آئندہ بھی دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا اسی انداز میں جواب دیں گی۔

دورانِ گفتگو 34 سالہ محمد عباس نے ٹیم مینجمنٹ، کوچ پیٹر مورس اور کپتان حسیب حمید کے اعتماد پر بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ٹیم میں سب لوگ میری کارکردگی سے خوش ہیں، حتیٰ کہ ہیمپشائر کے کھلاڑیوں نے بھی سراہا کیونکہ میں پچھلے 3 سیزن سے ان کے ساتھ کھیلتا آ رہا ہوں اور ان کی کمزوریوں اور خوبیوں سے واقف ہوں، میں جہاں بھی کھیلوں، اپنی ٹیم کے لیے ہمیشہ 100 فیصد دینے کی کوشش کرتا ہوں۔

عباس نے 2020ء میں ناٹنگھم شائر کے ساتھ معاہدہ کیا تھا، تاہم کووڈ-19 کی وباء کے باعث وہ اس وقت ڈیبیو نہ کر سکے۔

ہیمپشائر کے ساتھ 4 کامیاب سیزن گزارنے کے بعد جہاں انہوں نے 180 ریڈ بال وکٹیں حاصل کیں، عباس اب 6 میچز کے معاہدے پر دوبارہ ناٹنگھم شائر کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید