• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف زرداری کیخلاف بیان دے کر زلمے خلیل زاد نے خود کو مزید بے نقاب کردیا

وفاقی وزیر اور پیپلز پارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے کہا ہے کہ زلمے خلیل زاد نے آصف زرداری کے خلاف بیان بازی کرکے خود کو مزید بے نقاب کردیا۔

شازیہ مری نے زلمے خلیل زاد کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ افغانستان میں ہونے والی ہر بربادی میں زلمے خلیل کی شکل نظر آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری، سابقہ وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کی طرح وطن پرست ہیں، جنہوں نے سوات سے دہشت گردوں کو بھگا کر زلمے خلیل زاد کے عزائم کو ناکام بنایا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ زلمے خلیل زاد پاکستانی ریاست پر دہشت گردی کو اسپانسر کرنے کا الزام بھی لگا چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ زلمے خلیل زاد پاکستان کو افغانستان سمجھنے کی غلط فہمی کا ہر گز شکار نہ ہو۔

شازیہ مری نے کہا کہ زلمے خلیل زاد نے اپنی دھرتی سے غداری میں میر جعفر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اب آصف زرداری کے خلاف بیان بازی کرکے خود مزید بے نقاب کردیا۔

انہوں نے کہا کہ  زلمے خلیل زاد کس کے تنخواہ دار اور ایجنٹ ہیں یہ بات کسی سے چھپی نہیں، تمام راز فاش ہو چکے عمران نیازی کس کس کا سلیکٹڈ تھا۔

وفاقی وزیر نے کا کہنا تھا کہ عمران نیازی اس ملک میں صرف انتشار چاہتا ہے، وقت آگیا ہے کہ پاکستان میں انتشار اور عدم استحکام پھیلانے والوں کو بے نقاب کیا جائے۔

قومی خبریں سے مزید