• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کی پارٹی ٹکٹوں پر پرویز الہٰی سے تفصیلی مشاورت

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے پارٹی صدر چوہدری پرویز الہٰی سے پنجاب الیکشن کےلیے ٹکٹوں سے متعلق تفصیلی مشاورت کرلی۔

زمان پارک لاہور میں عمران خان اور چوہدری پرویز الہٰی کی ملاقات ہوئی، جس میں پنجاب میں الیکشن کےلیے ٹکٹوں پر مشاورت کے ساتھ ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوران گفتگو عمران خان نے پرویز الہٰی سے مونس الہٰی کی خیریت بھی دریافت کی۔

اس موقع پر پنجاب میں الیکشن کےلیے پارٹی امیدواروں پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔

پرویز الہٰی سے بات چیت کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مان کر حکمران غلط روایت ڈال رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ توہین عدالت پر پہلے یوسف رضاگیلانی نے نااہلی بھگتی اب شہباز شریف بھی بھگتے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزرائےاعلیٰ کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کررہے ہیں۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پرویز الہٰی نے کہا کہ پنجاب میں امیدواروں پر تفصیلی مشاورت ہوئی ہے، ٹکٹوں کا اعلان عمران خان خود کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں الیکشن کو روکنے کےلیے ہر غیرآئینی ہتھکنڈا استعمال کیا جارہا ہے۔

پی ٹی آئی صدر کا کہنا تھا کہ نااہل حکمرانوں کو اپنے ہر غیرآئینی اقدام کا جواب دینا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اقتدار سے چمٹے رہنا چاہتے ہیں چاہے انہیں آئین شکنی ہی کیوں نہ کرنی پڑے، آئین شکن شہباز شریف قوم کے سامنے بری طرح بےنقاب ہوچکا ہے۔

قومی خبریں سے مزید