چوہدری انوار الحق آزاد کشمیر کے بلامقابلہ وزیراعظم منتخب کرلیے گئے، انہیں 52 کے ایوان میں 48 ووٹ ملے جو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی تاریخ کا سب بڑا مینڈیٹ ہے۔
چوہدری انوار الحق آزاد کشمیر کے 15 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔
انہوں نے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اسمبلی سے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا ہے، انہیں پی ڈی ایم اور تحریک انصاف نے ووٹ دیا۔
اس سے قبل آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا ہنگامی اجلاس جمعرات کی رات ہوا جس میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے 15 منٹ دیے گئے۔
کاغذات نامزدگی جمع کرنے کے لیے جمعرات کی رات 12 بجکر 40 منٹ سے 12 بجکر 55 منٹ کا وقت دیا گیا۔
چوہدری انوار الحق بلامقابلہ وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہوئے، سیکرٹری اسمبلی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کسی کے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے گئے۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں بلامقابلہ انتخاب کے بعد ووٹنگ کا عمل ہوا۔
ذرائع کے مطابق چوہدری انوار الحق کو پیپلز پارٹی اور کو فارورڈ بلاک کے 12، 12 اراکین اور (ن) لیگ کے7 ارکان کی حمایت حاصل رہی۔
اس کے علاوہ انوار الحق نے اپوزیشن جماعتوں سے پاور شیئرنگ فارمولا بھی طے کرلیا۔