• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور چین ایشین ہاکی ایونٹ میں شرکت کرینگے، بھارتی حکام کا دعویٰ

کراچی/چنئی (اسٹاف رپورٹر)جنگ نیوز) بھارتی حکام نےدعویٰ کیاہے کہ پاکستان کے بعد چین نے بھی ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کی تصدیق کردی ہے۔ اس طرح چنئی کے ہاکی شائقین طویل عرصے بعد پاک بھارت ٹاکرے کا مزہ چکھیں گے۔ حکومتی اجازت ملنے کے بعد پاکستان ہاکی ٹیم بھارت جائے گی۔ جبکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کہا ہے کہ عالمی ایونٹ کی وجہ سے ہم نے ایشین چیمپئن ٹرافی میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے تاہم حکومت کی اجازتِ سے شرکت مشروط ہے ہمیں اپنے کھلاڑیوں کا جانی تحفظ بھی بہت اہم ہے ۔چنئی میں 16 سال سے کوئی انٹرنیشنل ہاکی میچ نہیں کھیلا گیا ہے۔ بھارتی ریاست تامل ناڈو کے ہاکی یونٹ کے صدر سیکر جے منوہرن نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین ہمیں 25 اپریل تک اپنے فیصلے سے حتمی طور پر آگاہ کرنے والے تھے اور ہمیں خوشی ہے کہ ان کی منظوری مل گئی ہے۔ان کے مطابق پاکستان نے پیر کی صبح تصدیق کی کہ وہ 3 سے 12 اگست تک چنئی میں ہونے والی ایشین چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی ٹیم بھیجے گا۔ چین نے بھی اتوار کی شام اپنی شرکت کی تصدیق کی تھی ۔ اس کا مطلب یہ ہوگا کہ ایشیا کی ٹاپ چھ ٹیمیں میگا ایونٹ کے دوران ایکشن میں نظر آئیں گی ۔ جن میں پاکستان ، میزبان بھارت، دفاعی چیمپئن جنوبی کوریا، ملائیشیا، جاپان اور چین شامل ہونگی۔ پاکستان اور بھارت نے یہ ٹائٹل سب سے زیادہ تین تین بار جیتا ہے، 2018 میں بارش کے سبب فائنل متاثر ہونے پر دونوں ٹیموں کو مشترکہ چیمپئن قرار دیا گیا تھا۔ایشین چیمپئنز ٹرافی 2021 فائنل میں جاپان نے کوریا کو ہراکر گولڈمیڈل جیتا تھا، تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان کو بھار ت سے شکست ہوئی تھی۔
اسپورٹس سے مزید