وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سابق وزیراعظم عمران خان کے نہلے پر دہلا مار دیا۔
سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان نے مذاکرات کے لیے 14 مئی سے پہلے اسمبلیاں توڑنے کی شرط رکھی ہے۔
انہوں نے اس موقع پر حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان جاری مذاکراتی عمل پر تحفظات کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی جو یہ پنچائت بٹھائی گئی پتہ نہیں یہ جائز طریقے سے بٹھائی گئی یا ناجائز طریقے سے بٹھائی گئی ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ عمران خان نے تین شہروں میں جلسے کرنے کا بیان دیا ہے، میں کہتا ہوں خان صاحب جلدی سے جلسے شروع کردیں تاکہ مذاکرات سے ہماری جان چھوٹے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کا جو بھی شوق ہے پورا کرلیں تاکہ کل انہیں یہ گلہ نہ ہو کہ یہ نہیں کیا وہ نہیں کیا۔
خواجہ آصف نے استفسار کیا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات سے کیا نتیجہ برآمد ہوگا؟ ہم تو صرف اتمام حجت کر رہے ہیں۔
اس سے پہلے فواد چوہدری نے بھی خبردار کیا تھا کہ مذاکرات ناکام ہوگئے تو عوام بڑی تحریک کےلیے تیار ہوجائیں۔