پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما یاسمین راشد نے کہا ہے کہ اس ملک میں عمران خان کی تقریر نشر کرنے پر پابندی لگائی گئی ہے۔
لاہور میں نیوز کانفرنس کے دوران یاسمین راشد نے کہا کہ سرکاری ادارے فون کالز ریکارڈنگ کا جرم کرنے میں مصروف ہیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ تمام اداروں سے آئین پر عملدرآمد کی درخواست کرتی ہوں، اگر انتخابات نہ ہوئے تو انتخابی مہم احتجاجی تحریک میں تبدیل ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی انتخابات کیلئے نکل چکی ہے، حکومتی جماعتیں بھی حوصلہ پکڑیں اور انتخابی میدان میں مقابلہ کریں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو انتخابات کیلئے21 ارب دینے کی بجائے مفت آٹے میں 20 ارب روپےاڑا دیے گئے۔
یاسمین راشد نے یہ بھی کہا کہ حکومت دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کی بجائے سیاسی کارکنوں کو پکڑ رہی ہے، انتخابات کیلئے ہونے والے مذاکرات مذاق بنا دیےگئے ہیں۔