• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بحران سے نمٹنے کا واحد حل سیاسی جماعتوں کے مذاکرات ہیں، سراج الحق

فائل فوٹو
فائل فوٹو

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک بھر میں الیکشن ایک دن کرانے پر اتفاق ہوا ہے، بحران سے نمٹنے کا واحد حل سیاسی جماعتوں کے مذاکرات ہیں۔ 

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ اس وقت ملک میں سیاسی، معاشی اور آئینی انتشار ہے، سیاسی افراتفری کی وجہ سے معیشت تباہ ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں ملک کا تماشہ بنا ہوا ہے، عوام کو حق دیا جائے کہ وہ اپنے لیے نٸی حکومت کو منتخب کرے۔

سراج الحق کا کہنا ہے کہ میں نے کوشش کی کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان ڈائیلاگ ہوں، اس کوشش میں کسی حد تک کامیابی ہوئی، الیکشن کی تاریخ پر بات چیت اور رابطے کرنے کی ضرورت ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سیاسی مسائل کا حل عدالت نے نہیں نکالنا، ملک میں شفاف اور غیرجانبدار الیکشن چاہتے ہیں۔

اس سے قبل جیو نیوز کے پروگرام ’جیو پاکستان ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا تھا کہ میں کوشش کر رہا ہوں کہ پُرامن الیکشن کے لیے ماحول پیدا ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ  تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ایک روز الیکشن کے لیے اتفاق رائے پیدا ہو جائے، سیاسی جماعتوں نے مذاکرات کیے اور ایک روز پر الیکشن کے لیے متفق نہیں ہو سکے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں نے دانش مندی اور صبر کا مظاہرہ نہ کیا تو رہی سہی جمہوریت ختم ہو جائے گی، ہم چاہتے ہیں کہ افراتفری کے بجائے قوم ترقی کی طرف بڑھے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیاست دانوں کے پاس آج وقت ہے، لیکن کل ان کے پاس فیصلے کا اختیار نہیں رہے گا۔

قومی خبریں سے مزید