• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کی جانب سے ہاتھ نہ بڑھانے کے باوجود یہ وہاں پہنچ گئے، اسد عمر

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے بلاول بھٹو کے دورہ بھارت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے ہاتھ نہ بڑھانے کے باوجود یہ وہاں پہنچ گئے۔

 لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ وکلا نے عدالت میں بتایا عجیب و غریب پرچے کٹ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پر دباؤ ڈالنے کی کوشش ہو رہی کہ الیکشن کے آئینی مطالبے سے پیچھے ہٹ جائیں، مسئلہ ایک دن کے الیکشن یا ایک ہی دن الیکشن کا نہیں ہے، ان کو پتہ ہے یہ عوام کا سامنا نہیں کر سکتے۔

اسد عمر کا کہنا ہے کہ ان کو عمران خان کا خوف ہے اس لیے یہ الیکشن میں نہیں جانا چاہتے، یہ آئین اور قانون سے انحراف کر رہے ہیں، یہ ملک کی تباہی تو کر رہے ہیں لیکن یہ اپنے لیے بھی گڑھا کھود رہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ یہ خود تو ڈوبیں گے ساتھ ملک کو بھی لے کر ڈوب رہے ہیں، عمران خان کی کال پر آج لاہور سمیت ملک بھر میں لوگ نکلیں گے، آپ آئین کو توڑ کر ملک کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ پیدا کر رہے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ اور چیف جسٹس نے تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، امید یہ ہے کہ ابھی بھی جو فیصلہ آئے گا وہ دو ٹوک ہو گا۔

تحریک انصاف کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ پی ڈی ایم حکومت ان ہی ججز کے قاسم سوری کی رولنگ کے خلاف فیصلے کے باعث بنی، عمران خان نے فیصلہ کیا، کسی جج کے ذاتی زندگی کے بارے سوال نہیں اٹھائے۔

قومی خبریں سے مزید