چین، پاکستان اور افغانستان نے سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کےلیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والے چین، پاکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ مذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان خطے کے مفاد میں ہے، وزراء خارجہ نے سہ فریقی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ تینوں ملکوں نے باہمی سلامتی، ترقی اور سیاسی شعبوں میں تعاون بڑھانے کا عزم کیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق فریقین نے سلامتی کے چیلنجوں سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا، یہ چیلنجز علاقائی اور عالمی سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہیں۔
تینوں ممالک نے سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے، سیکیورٹی، منظم جرائم، منشیات اسمگلنگ کے انسداد پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اعلامیہ کے مطابق تینوں ملکوں نے ٹی ٹی پی کو اپنی سرزمین کے استعمال کی اجازت نہ دینے پر زور دیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تینوں ممالک نے ایسٹرن ترکستان اسلامک موومنٹ کو اپنی سرزمین کے استعمال کی اجازت نہ دینے پر بھی زور دیا۔
اعلامیہ کے مطابق تینوں ممالک نے افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرنے، افغانستان کے امن، استحکام اور تعمیر نو کی ضرورت پر زور دیا۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ افغان معیشت کی بحالی کے لیے حقیقت پسندانہ راستے تلاش کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔