• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کی گرفتاری پر فنکار برادری کا ردِعمل

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری پر فنکار برادری کی جانب سے ردِ عمل کا اظہار کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ سے رینجرز نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو گرفتار کر لیا تھا، عمران خان کی گرفتاری کی خبر نے ناصرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی میڈیا پر بھی خوب توجہ حاصل کی۔

عمران خان کی گرفتاری کی خبر کا پھیلنا ہی تھا کہ فنکار برادری نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا۔

پاکستانی نامور فنکاروں نے عمران خان کی گرفتاری پر افسوس کا اظہار کیا۔

عمران کی گرفتاری کی خبر کو دل دہلا دینے والی خبر قرار دیتے ہوئے  اداکارہ ماہرہ خان نے ملک و عوام کی سلامتی کے لیے دعا کی۔

اداکارہ صبا قمر نے لکھا کہ یہ اب رہنے کے قابل جگہ نہیں رہی ہے۔

فلم و ڈرامہ انڈسٹری کی اداکارہ مایا علی نے 9 مئی کو قوم کے لیے سیاہ دن قرار دیتے ہوئے  اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا کہ اُنہیں اپنا کپتان رینجرز کے ہاتھوں میں دیکھ کر دُکھ ہو رہا ہے۔

دوسری جانب اداکارہ مشی خان نے بھی آبدیدہ ہوتے ہوئے متعدد ویڈیوز شیئر کیں اور عوام کو احتجاج کے لیے باہر نکلنے کا کہا۔

میزبان متھیرا نے گزشتہ روز کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے عمران خان کو گرفتار کرنے کے انداز پر غصے کا اظہار کیا۔

اسی طرح اداکارہ کنزہ ہاشمی نے عمران خان کی سلامتی کے لیے دعا کی۔

گلوکارہ قرۃالعین بلوچ کا عمران خان کی گرفتاری پر کہنا تھا کہ اب ہمارا ملک مزید جمہوری نہیں رہا۔

اداکارہ و پروڈیوسر عدنان صدیقی کا اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھنا تھا کہ کیا اس طرح سے سابق وزیر اعظم کو گرفتار کیا جانا چاہیے تھا، آج سے قبل پاکستان میں کبھی ایسے مناظر دیکھنے کو نہیں ملے ہیں۔

واضح رہے کہ عمران خان کی حمایت اور  گرفتاری کے خلاف ردِ عمل کا اظہار کرنے والے فنکاوں میں اداکار شان شاہد، احسن محسن اکرام، منیب بٹ، عدنان صدیقی، ارمینہ، مرزا گوہر، انوشے اشرف و دیگر فنکار شامل ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید