سربراہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پوری قوم پیر کو سپریم کورٹ کے باہر پُرامن احتجاج میں شرکت کیلئے پہنچے۔
کارکنوں اور عوام کے نام ویڈیو پیغام میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ صبح 9 بجے تمام قافلے پہنچ جائیں تاکہ قومی یکجہتی قائم کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایک مجرم کو یکطرفہ تحفظ اور وی آئی پی پروٹوکول دیا جا رہا ہے، مجرم کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے تاکہ آئندہ بھی جرائم کرے، معیشت تباہ کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجرم کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے تاکہ ملک کو اتنا کمزور کرے کہ ملک پارہ پارہ ہوجائے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ ہم پہلے بھی میدان میں رہے ہیں، آج ایک بار پھر میدان میں آنے کی ضرورت پڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم عوام اور کارکنوں کو دعوت دے رہے ہیں، پیر کی صبح شاہراہ دستور پہنچیں، انصار الاسلام کے سالار اور رضاکار نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کیلئے پہنچیں۔
انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری سے بھی اپیل ہے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں، آئین کی بالادستی کی جنگ لڑنی ہے، وکلاء نے ہمیشہ اس مقصد کیلئے قربانیاں دی ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج ایک بار پھر ضرورت پڑی ہے کہ وکلاء بھی میدان میں آئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر سیاسی جماعت کے کارکنوں کو اپیل کرتا ہوں اس احتجاج کو قومی احتجاج بنائیں۔