سعودی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ پرنس سلطان ایئربیس پر داغے گئے 6 بیلسٹک میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بغداد ایئرپورٹ کے قریب امریکی سفارتی مقام کو 2 ڈرونز سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔
اس سے قبل سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرِ صدارت کابینہ کا ورچوئل اجلاس ہوا جس میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب اپنی سلامتی، خود مختاری کے لیے تمام اقدامات کا حق رکھتا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق کابینہ نے سعودی فضائی دفاعی نظام کی اعلیٰ صلاحیتوں کی تعریف کی، دفاعی نظام نے تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششوں کو کامیابی سے ناکارہ بنایا۔
سعودی کابینہ نے سعودی عرب، خلیجی اور دیگر عرب ممالک پر ایرانی حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ سویلین اہداف اور تیل کی تنصیبات پر حملے عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
کابینہ نے کہا کہ خلیج تعاون کونسل اور یورپی یونین کے مشترکہ وزارتی اجلاس قابل قدر ہیں، عرب لیگ کے وزرائے خارجہ اجلاس میں ایرانی جارحیت کے خلاف مذمتی قراردادوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا ہے۔