قومی اسمبلی میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے خلاف ریفرنس لانے کی تحریک منظور ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس کو حتمی شکل دینے کے لیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں مختلف جماعتوں کے ارکان شامل ہوں گے جبکہ کمیٹی کی تشکیل کا اختیار اسپیکر قومی اسمبلی کو دیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ مختلف جماعتوں کے ارکان کمیٹی کے اختیارات سے متعلق مسودہ تیار کر رہے ہیں اور پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کی تحریک آج ہی قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پارلیمنٹ چیف جسٹس کے مس کنڈکٹ کا جائزہ لے۔
وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 209 کے تحت ججز کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے۔
خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ پارلیمنٹ اپنے آئینی اختیارات کو استعمال کرے، تین دو کا فیصلہ دینے والے ججز نے مس کنڈیکٹ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک کمیٹی بنائی جائے جو 4 لاکھ زیر التو کیسز کا جائزہ لے، پاکستان کی عالمی انصاف کے انڈیکس میں 11 پوائنٹس تنزلی ہوئی، اس کا بھی جواب دیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض بولے عمران خان اور اس کے ساتھیوں نے قوم کے سر شرم سے جھکا دیے۔
انہوں نے کہاکہ لاڈلے کو ریمانڈ کے دوران عزت و احترام کے ساتھ گیسٹ ہاؤس بھیجا گیا۔
اپوزیشن لیڈر نے عمران خان کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کر دیا۔