کسی نے کیا خُوب کہا ہے کہ ؎ جتنا کڑوا ہے جہاں، اُتنی میٹھی ہے ماں… اور پھر ایک تحقیق سے یہ بات بھی ثابت شُدہ ہے کہ اپنی ماں کی آواز سُننے، اُنہیں گلے لگانے سے ذہنی دباؤ میں بےحد کمی آتی ہے۔ کتنی عجیب بات ہے ناں کہ جس ماں، اُس کی ممتا اور محبّت کو ہم اکثر ’’فار گرانٹڈ‘‘ لیتے ہیں، درحقیقت وہی ہمارے ہر مرض کی دوا، ہر غم کا علاج ہے۔
گرچہ مائوں کا عالمی یوم 14 مئی کو تھا، لیکن عموماً پورا ماہِ مئی ہی ماؤں سے اظہارِ محبّت کے طور پر منایا جاتا ہے، تو ہم نے بھی پیار، محبّت، لاڈ، دُلار کی چاشنی میں ڈوبی ماؤں سے اِسی اظہارِ محبّت کے لیے آج کچھ خاص ’’میٹھوں‘‘ کا اہتمام کیا ہے۔ تراکیب بےشک ہماری ہیں، لیکن یہ بنا کر آپ، یعنی اُن کی اولاد اُنہیں کِھلائے گی، تو لیجیے، تراکیب حاضرِ خدمت ہیں۔
دودھ برفی
اجزاء: اُبلا ہوا دودھ آدھا لیٹر، خشک دودھ دو کپ، چینی (پسی ہوئی) ایک کپ، گھی ایک چوتھائی کپ، بادام، پستے (باریک کٹے ہوئے) حسبِ ضرورت، الائچی پاؤڈر ایک چائے کا چمچ۔
ترکیب : دودھ اُبال کے ٹھنڈا کرلیں، اب موٹے تلے کی کڑاہی میں گھی گرم کریں اور اس میں اُبلا ہوا دودھ ڈال کےدس منٹ تک ہلکی آنچ پر پکائیں اور ساتھ ہی خشک دودھ ڈال کر تیز تیز چمچ چلاتے ہوئےاتنامکس کریں کہ ایک گاڑھاسا پیسٹ بن جائے، جیسے ہی پیسٹ بنے فورًا چولھے سے اُتار لیں۔ اب اس میں چینی اور الائچی پاؤڈر ڈال کر دوبارہ پکنے رکھ دیں اور دو سےتین منٹ تک چمچ چلائیں۔ پھر ایک گریسڈ ٹِرے پر سارا آمیزہ پھیلادیں (جیسے چنے کی دال کا حلوہ جماتے ہیں)اوراوپر سے بادام، پستہ چھڑک دیں۔ ٹھنڈا ہونے پرمَن پسند شکل میں کاٹ لیں۔ مزے دار برفی تیار ہے۔
ناریل برفی
اجزاء: دودھ دو کپ،ناریل (پِسا ہوا) دو کپ، چینی پِسی ہوئی ایک کپ، زردہ رنگ ایک چٹکی، الائچی پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، گھی یا مکھن ایک کھانے کا چمچ، بادام اور چاندی کا ورق گارنشنگ کے لیے۔
ترکیب: دودھ کو اُبال کر اس میں الائچی پاؤڈراور چینی ڈال کر ہلکی آنچ پر دس منٹ پکائیں۔ اب اس میں ناریل ملا کر مسلسل چمچ چلائیں، یہاں تک کہ تمام اجزاء یک جان ہو جائیں۔ اب اس میں چٹکی بھرزردہ رنگ شامل کرکے ملائیں اور گریسڈ ٹِرےمیں پھیلا کرٹھنڈا ہونےکےلیےرکھ دیں اور چاندی کے ورق اور بادام سے گارنش کرلیں۔
بالو شاہی
اجزاء: میدہ ایک کپ، چینی ایک کپ، نمک، چٹکی بَھر، گھی چار چمچ، کیوڑا ایک کھانے کا چمچ، پستے (باریک کٹے ہوئے)دو چمچ۔
ترکیب: میدے میں نمک اور گھی ملا کر آٹا گوندھ لیں اور پندرہ منٹ کے لیے ڈھک کر رکھ دیں۔ اب ایک پتیلی میں دو کپ پانی اور چینی ملا کردو اُبال آنے تک پکائیں۔ اس کےبعدچند قطرے کیوڑے کے ڈال کر ایک طرف رکھ دیں۔ پھر میدےکی بالزبنا کر، انگوٹھے کی مدد سے درمیان سے بالو شاہی کی شکل دے دیں۔ اس کے بعد گرم تیل میں گولڈن فرائی کر کے شیرے میں ڈال دیں اور پانچ منٹ بھیگے رہنے کے بعد گرما گرم پیش کریں۔ (ثناء توفیق خان، ماڈل کالونی، ملیر، کراچی)
گلاب جامن
اجزاء: دودھ(پاؤڈر) ایک کپ، میدہ ایک کھانے کا چمچ، بیکنگ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، انڈا ایک سے ڈیڑھ عدد، الائچی پاؤڈر حسبِ ضرورت، چینی ڈیڑھ کپ، پانی حسبِ ضرورت،تیل حسبِ ضرورت، پستہ(کٹا ہوا)گارنشنگ کےلیے،چاندی کاورق سجاوٹ کےلیے۔
ترکیب: ایک پین میں دو کپ پانی اور چینی ڈال کر شِیرہ بنانے کے لیے چولھے پر رکھ دیں۔ پھر کچھ دیر پکنے کے بعد اس میں الائچی پاؤڈر شامل کر کے پکائیں اور چولھا بند کردیں۔ اب ایک پیالے میں دودھ، بیکنگ پاؤڈر، میدہ، انڈا، تھوڑا سا پانی اور تیل ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔ اب اس آمیزے سے ایک سائز کے چھوٹے چھوٹے پیڑے بنالیں۔ پھر ایک فرائنگ پین میں تیل گرم کریں اور اس میں آمیزے سے تیار شُدہ پیڑے ہلکی آنچ پر فرائی کرلیں۔ جب اِن کا رنگ ہلکا سنہرا ہو جائے، تو شِیرے میں ڈال دیں۔ مزےدار گلاب جامن تیار ہیں۔ پستے اور چاندی کے ورق سے گارنش کرکے پیش کریں۔
بکلاوا
اجزاء: پف پیسٹری (فروزن) آدھا کلو، مکھن پگھلا ہوا سو گرام، تیل ایک چوتھائی کپ، پستے (باریک کٹے ہوئے) آدھا پاؤ، چینی ایک پاؤ، پانی آدھا کپ، لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچ، شہددوکھانے کے چمچ۔
ترکیب: مکھن اور تیل مکس کرلیں۔ اب پف پیسٹری کوچارحصّوں میں کاٹ کراُسے بیلنا شروع کریں۔ تیل اور مکھن کے مکسچر سے ایک اوون پروف ڈِش گریس کرلیں اور پف پیسٹری کی پہلی تہہ اس میں بچھا دیں، برش کی مدد سے اُس کے اوپر مکھن اور تیل لگائیں، پھر اس پر تھوڑے سے باریک کٹے ہوئے پستے پھیلاکر پف پیسٹری کی دوسری تہہ رکھیں۔ پھر باقی سارا عمل اسی طرح دُہرائیں اورچار تہہ لگائیں۔
آخر میں چُھری کی مدد سے ڈائمنڈ کی شکل میں کٹ لگائیں اور اوون میں 200 ڈگری پر 30 سے 35 منٹ کے لیے بیک کرلیں، یہاں تک کہ سنہرا رنگ آجائے۔اب ایک کڑاہی میں چینی ،آدھا کپ پانی، لیموں کا رس اور شہد شامل کر کے ہلکی آنچ پر پکائیں۔ چاشنی گاڑھی ہو جائے، تو اسے پیالے میں نکال کر ایک طرف رکھ دیں اور اوون میں بیکڈ بکلاوے پر یہ شیرہ ڈال دیں۔ تھوڑا ٹھنڈا ہونے کے بعد ڈائمنڈ کی شکل میں کاٹ کے پیش کریں۔ (شاہانہ عمران، لاہور)
ربڑی
اجزاء: بالائی والا دودھ دو لیٹر، چینی تین سےچار کپ، عرقِ گلاب ایک چائے کا چمچ، بادام، پستے، کاجو (باریک کٹے ہوئے)حسبِ ضرورت۔
ترکیب: ایک پتیلی میں دودھ ڈال کر اسے ایک اُبال آنےتک پکائیں اور آنچ ہلکی کر دیں۔ اب تھوڑی، تھوڑی دیر بعد بالائی کی تہہ پتیلی کے کناروں کی طرف لاتے رہیں تاکہ پتیلی کے کناروں کے ساتھ ایک دائرہ سا بن جائے۔ جب دودھ پک کر ایک چوتھائی رہ جائے، تو اس میں چینی اور پستے، بادام ڈال کر اتنی دیر پکائیں کہ دودھ بالکل خشک ہوجائے اور بس ربڑی بالائی باقی رہ جائے۔ آخر میں گلاب کا عرق ملا کر فریج میں رکھ کر ٹھنڈا کرلیں۔ مزےدار ربڑی تیار ہے۔ (اُمّ کلثوم، ملتان)