وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والا قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) کا اجلاس ختم ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزراء، عسکری قیادت، وزرائے اعلیٰ اور خفیہ اداروں کے حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں ملکی سلامتی اور سیکیورٹی امور پر بریفنگ دی گئی اور فیصلے کیے گئے۔ اس دوران 9 مئی کے پُرتشدد واقعات کی شدید مذمت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق فوجی اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق این ایس سی اجلاس میں کہا گیا کہ سیاسی مقاصد کی آڑ میں فوجی املاک کو نقصان پہنچایا گیا، ملکی دفاع اور سلامتی کے اداروں پر حملے نا قابل قبول ہیں۔
دوران اجلاس وزیراعظم نے کہا کہ قومی حمیت کے حامل جناح ہاؤس کو آگ لگائی گئی، 75 سال میں جو دشمن نہ کر سکا وہ ایک سیاسی جماعت کے کارکنان نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے پرتشدد واقعات پر تحمل کا مظاہرہ کیا جو قابل ستائش ہے، پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہے۔