پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کراچی کے صدر سعید غنی کا کہنا ہے کہ عمران خان بیرونی ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔
سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے عمران خان کے بھانجے اور یاسمین راشد کی ویڈیوز موجود ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ایک شخص ملک کے اداروں کیخلاف بات کر رہاہے، حملے کر رہا ہے، حملہ کرنے والوں کی شناخت بھی ہوچکی ہے، حملے کی اکثر ویڈیوزحملہ کرنےوالوں نے ہی بنائیں جوکہ ان کے گلے پڑ گئیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام ووٹرز اور لیڈرز ملک دشمن نہیں، پارٹی میں بہت سے لوگ عمران خان کی پالیسی سےمطمئن نہیں اور پارٹی چھوڑ کرجارہے ہیں اور عمران خان کی پارٹی چھوڑنے والوں کے پاس پیپلز پارٹی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔
سعید غنی نے کہا کہ اگرکوئی عمران کےساتھ نہیں چلتا تو ہمیں ان لوگوں کو راستہ دینا چاہیئے، ابھی تک پی ٹی آئی کراچی سے لوگوں نے ہم سے رابطہ نہیں کیا لیکن اگر کوئی آنا چاہتا ہے تو ویلکم کریں گے۔
عدالتوں کو قانون کے مطابق فیصلے کرنے چاہیئں، اس طرح کا ماحول ہم نے ماضی میں نہیں دیکھا، یہاں تو ضمانت پر ضمانت مل رہی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اسلام آبادہائیکورٹ میں لگتا ہے عمران خان کے وکیلوں نے دعائیں کیں اور جو عمران خان نے مانگا بھی نہیں اسے وہ بھی مل رہا ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ یوں فوری ضمانت ملنے سے دہشت گردوں کےحوصلے بلند ہوں گے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا ہے کہ کھوسہ صاحب کا مؤقف ان کا ذاتی ہے پارٹی کا نہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ پچھلے سال جون میں بلدیاتی الیکشن ہوئے لیکن ابھی تک ابھی تک میئر کے الیکشن کا شیڈول نہیں آیا۔
اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ کم سےکم عرصےمیں شیڈول کو جاری کیا جائے۔
سعید غنی نے کہا کہ جماعت اسلامی کا کام پورا ہوچکا ہے، ہم جون سےکراچی میں بلدیاتی الیکشن کی تیاری کر رہے تھے، بارشوں کی وجہ سے الیکشن تاخیر کا شکار ہوا۔
اُنہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جماعت اسلامی کے وہ کیسز بھی سنے جس کی آئین بھی اجازت نہیں دیتا۔
اُنہوں نے پی ٹی آئی رہنما کا ریسٹورنٹ مسمار ہونے کے معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ جس دن خرم شیر زمان کا ریسٹورنٹ سیل ہوا ہے اس دن شہر بھر میں کارروائی ہوئی۔