پاکستان تحریک انصاف کے وکیل سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے پی ٹی آئی کے 72 ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کے فیصلے کو تاریخی قرار دیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے، اس سے سیاسی بحران حل ہوگا، عمران خان بطور اپوزیشن لیڈر اپنا کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کے بعد حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات قومی اسمبلی میں ہوں گے۔
پی ٹی آئی کے وکیل نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے ایم این ایز انکوائری میں پیش ہو کر استعفیٰ واپس لیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن کے ڈی نوٹیفکیشن کو ختم کرنے کے بعد پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کو جوائن کر سکیں گے۔
سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ امید ہے اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف قانون کے مطابق انکوائری مکمل کریں گے اور پی ٹی آئی کے ایم این ایز کو آنے دیں گے۔