• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

کراچی سے لے کر پشاور تک ملک بھر میں گرمی کا راج ہے۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار ہے، بڑھتی ہوئی گرمی اور لوڈ شیڈنگ شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث ہے، جبکہ کئی فصلوں کے لیے یہی گرمی مفید بھی ثابت ہو رہی ہے۔

سندھ کے مختلف شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، شہریوں نے گرمی کی شدت کو کم کرنےکے لیے برف اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال بڑھا دیا ہے۔

پنجاب میں بھی گرمی کی لہر برقرار ہے، جس سے فصلوں پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور پیداوار میں اضافہ ہو گیا ہے، بلوچستان کے کئی علاقوں میں بھی موسم گرم اور خشک ہے۔

کراچی میں موسم گرم و مرطوب

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود، موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ کم سے کم درجۂ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں جنوب مغرب کی سمت سے 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا موجودہ تناسب 60 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز سبی دوسرا گرم ترین شہر رہا

وادیٔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی علاقوں میں مطلع صاف، موسم خشک اور معتدل ہے جبکہ جنوبی اور وسطی علاقوں میں موسم گرم ہے، گزشتہ روز سبی ملک کا دوسرا گرم ترین شہر رہا۔

وادیٔ کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع صاف، موسم خشک اور معتدل ہے جبکہ بلوچستان کے شمالی اور شمال مشرقی علاقوں میں بھی مطلع صاف اور موسم معتدل ہے تاہم جنوبی اور وسطی علاقوں میں موسم گرم ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آج بھی صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک ہے اور دن کے اوقات میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

آج کوئٹہ میں کم سے کم درجۂ حرارت 15 اور قلات میں 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اسی طرح جیوانی میں کم سے کم درجۂ حرارت 23 اورتربت میں 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

گزشتہ روز کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا جبکہ سبی ملک کا دوسرا گرم ترین شہر رہا جہاں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

آج کوئٹہ میں زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت 35سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

پشاور میں موسم گرم و خشک

محکمۂ موسمیات کے مطابق صوبۂ خیبر پختون خوا کے دارالخلافہ پشاور میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جہاں آج زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ صوبۂ خیبر پختون خوا کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

محکمۂ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا میں بارشوں کا نیا سلسلہ 23 مئی سے شروع ہوکر 27 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

قومی خبریں سے مزید