گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو عمران خان کی گرفتاری پر اتنا ہی افسوس تھا تو عمران اسماعیل اپنی گاڑیاں جلاتے اور اسد عمر اپنے گھر میں آگ لگا دیتے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہا کہ عمران خان کے پیچھے جو ہاتھ تھا وہ ہٹ گیا ہے، آپ دیکھیں گے پی ٹی آئی کے رہنما ان کا ساتھ چھوڑ دیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکن بہکاوے میں آ گئے، بیرونی سازش کا حصہ بن گئے اور انہوں نے جناح ہاؤس کو جلا دیا۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ میں لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ بحیثیت گورنر سندھ جو ہو سکا کروں گا، 9 مئی کے جو واقعات ہوئے اگر آپ سوچیں تو خوف آتا ہے، 9 مئی کو ہزاروں موٹر سائیکلیں جلائی گئیں۔
کامران ٹیسوری کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہاں لوگ کتنی مشکل سے اپنا روزگار تلاش کرتے ہیں، سب کو پتہ چل گیا ہے کہ یہ بیرونی سازش تھی۔