کوئٹہ ایئرپورٹ پر قومی ایئرلائن پی آئی اے کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا، ٹیک آف کے دوران اچانک رن وے پر ٹرک آگیا تھا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق طیارہ کوئٹہ سے اسلام آباد جا رہا تھا، پائلٹ نے ایمرجنسی سسٹم کے تحت طیارے کو روکا۔
طیارے میں 200 کے قریب مسافر سوار تھے، جو محفوظ رہے۔
ذرائع نے مزید کہا کہ ایئر ٹریفک کنٹرول کی غفلت کے باعث یہ واقعہ پیش آیا۔
رن وے پر ٹرک آجانے کی اطلاع درست نہیں
دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ کوئٹہ ایئرپورٹ پر طیارے کے سامنے رن وے پر ٹرک آجانے کی اطلاع درست نہیں۔
ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ کوئٹہ ایئرپورٹ تیز ہواؤں کی وجہ سے طیارے کے ٹیک آف میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پائلٹ نے کوئٹہ ایئرپورٹ کے رن وے پر طیارے کو روک لیا، انجینئرز نے طیارےکا معائنہ کیا، ٹائر تبدیل کرنے کا کام جاری ہے۔
ترجمان کے مطاب کوئٹہ ایئرپورٹ پر طیارے میں کوئی فنی خرابی نہیں ہوئی۔