سابق وزیر قانون فروغ نسیم نے 190ملین پاؤنڈز سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں ایڈجسٹ کرنے سے متعلق عمران خان کا دعویٰ مسترد کردیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیر قانون کے مشورے سے جرمانے کے پیسے سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں ایڈجسٹ کیے گئے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فرغ نسیم نے کہا کہ میں نے عمران خان کو کوئی مشورہ نہیں دیا، اُس کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں یہ معاہدہ شامل ہی نہیں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزراتِ قانون کی طرف سے ایسی کوئی سمری بھیجی ہی نہیں گئی تھی، نہ ہی عمران خان کو میری وزارت نے مشورہ دیا کہ اگر 190 ملین پاؤنڈز پاکستان نے نہ لیے تو یہ برطانیہ میں ہی رہ جائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خود 190 ملین پاؤنڈز سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں ایڈجسٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔
سابق وزیر قانون نے یہ بھی کہا کہ وزارت قانون نے اس بارے میں عمران خان کوئی مشورہ نہیں دیا، اس حوالے سے تمام حقائق ریکارڈ پر موجود ہیں۔