• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا کا مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ ہونا دشمنوں کو منہ توڑ جواب ہے، بلاول بھٹو زرداری

اسکرین گریب
اسکرین گریب

وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ہماری خارجہ پالیسی بہتری کی جانب گامزن ہے، دنیا کا مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ ہونا دشمنوں کو منہ توڑ جواب ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے فضائیہ میڈیکل کالج کے دوسرے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کامیاب ہونے والے تمام طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور انہیں سندھ کے اسپتالوں کے دورے کی دعوت دے دی۔

انہوں نے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنی روایات اور اقدار کو کبھی مت بھولیں، امید ہے کہ کامیاب ہونے والے نوجوان ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے والے ممالک ترقی کریں گے، پاکستان نے کوویڈ 19 کا مقابلہ بہتر طریقے سے کیا، ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ میڈیکل کے شعبے میں بہتری لائی جائے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر فضائیہ میڈیکل کالج سے پاس آؤٹ ہونے والے میڈیکل کے طلبا کو سندھ کے اسپتالوں کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کے اسپتال عالمی معیار کے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں امراض قلب کا سب سے بڑا ادارہ قائم کیا گیا ہے جبکہ خیر پور کے گمبٹ اسپتال میں جگر کی پیوندکاری کامیابی سے جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ سمیت افغانستان سے بھی لوگ گمبٹ اسپتال سے مفت گردوں کا علاج کراتے ہیں اس کے علاوہ یہاں بون میرو ٹرانسپلانٹ بھی سو فیصد مفت کیا جاتا ہے۔

وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ ہر مشکل آپ کو مزید مضبوط بنائےگی، دنیا اس وقت متعدد چیلنجز کا سامنا کررہی ہے، پاکستان سمت دنیا بھر کو اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے نقصانات پر پوری دنیا پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ دنیا کا مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونا دشمنوں کو منہ توڑ جواب ہے ہماری خارجہ پالیسی بہتری کی جانب گامزن ہے۔

قومی خبریں سے مزید