سندھ کے سیکریٹری ورکس اینڈ سروسز سندھ عمران عطا سومرو کی یاد میں تعزیتی ریفرنس جمعرات کو آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں منعقد ہوا۔
عمران عطا سومرو گذشتہ دنوں حرکت قلب بند ہوجانے کے سبب کراچی میں انتقال کرگئے تھے۔
ریفرنس کا اہتمام مرحوم عمران عطا سومرو کے احباب نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے تعاون سے کیا۔
عمران عطا سومرو کا شمار سندھ حکومت کے قابل، ذہین اور تجربہ کار افسروں میں ہوتا تھا۔ انہیں اپنے کام پر عبور حاصل تھا وہ اپنے ساتھی افسران اور ماتحتوں میں اپنے بہترین اخلاق کے باعث ہر دلعزیز شخصیت کے حامل تھے۔
وہ سندھ کے مختلف محکموں میں سیکریٹری سمیت اعلیٰ عہدوں پر فائز رہےاور انتقال کے وقت گریڈ 21 میں ترقی پاچکے تھے اور سیکریٹری ورکس اینڈ سروسز سندھ کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے تھے۔
تعزیتی ریفرنس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ تعزیتی ریفرنس سے خطا ب کر تے ہو ئے چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کہا کہ دنیا میں ہم اپنے برتاؤ اور رویوں کے حوالے سے جو کچھ چھوڑ کر جاتے ہیں اسی کو لوگ یاد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران عطا سومرو کبھی کسی کو کسی کام سے نہ نہیں کہتے تھے۔ وہ سب کے کا م آتے اور سب کی مشکل میں مدد کر تے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ کے آج ہم سب ان کو اتنی محبت سے یا د کر رہے ہیں۔
انہو ں نے کہا کہ اس دنیا سے سب کو جا نا ہے لیکن جن کا کر دار اچھا ہے انہیں لو گ ہمیشہ یاد رکھتے ہیں۔
تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ عمران عطا سومرو اور ہم شکارپور کے ایک ہی علاقے سے تعلق رکھتے ہیں، ان کے والد اور میرے والد دونوں وکیل تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم عوامی نمائندے ہیں لوگ ہمارے پاس اپنے مسائل کے حل کے لئے آتے ہیں اور میں نے جب بھی ان سے کوئی کام کہا انہوں نے اس پر اثبات میں جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومتِ سندھ کی جانب سے میں عمران عطا سومرو کے خاندان کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی عمران صاحب کی فیملی کو مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔
ریفرنس سے سیکریٹری اطلاعات سندھ ندیم الرحمٰن میمن، آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ، سلمیٰ میمن، سیکریٹری مائنز اینڈ منرلز خالد چاچڑ، ڈاکٹر شفقت سومرو، کمشنر سینسس رفیق برڑو، جوائنٹ ڈائریکٹر آئی بی آزاد خان، سیکریٹری سماجی بہبود ڈاکٹر شیریں مصطفیٰ، سیکریٹری آبپاشی سہیل قریشی، سیکریٹری زراعت اعجاز مہیسر، ماہرِ تعلیم حمید سومرو، عمران عطا سومرو کی صاحبزادی منال عطا سومرو، ڈاکٹر ایو ب شیخ اور دیگر نے بھی خطا ب کیا۔
اس موقع پر سندھ حکومت کے مختلف محکموں کے سیکریٹریز، افسران اور اسٹاف کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔